لندن....پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ون ڈے اور ٹی20 سے بہت مختلف ہے مصباح الحق کی جانشینی بھی کوئی آسان کام نہیں، میرے لئے ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ٹیم کو کامیابیوں سے ہمکنار کرانا کسی چیلنج سے کم نہیں ہو گا۔ کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو میںسرفراز احمد نے کہا کہ مصباح الحق نے طویل عرصے تک بہترین کارکردگی دکھائی اور ایک ایسی ٹیم تیار کی جو انتہائی متوازن تھی اور اس نے بے شمار کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا ٹیسٹ فارمیٹ بالکل مختلف ہوتا ہے اور انتہائی صبر وتحمل سے کھیلنا پڑتا ہے ۔ پوری کوشش کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ٹیم کو کامیابیوں سے ہمکنار کرانے کی کوشش کروں گا۔یونس اور مصباح الحق کی رخصتی کے ساتھ قومی ٹیم کو نہ صرف ان دونوں تجربہ کار کھلاڑیوں کے متبادل تلاش کر نا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ متوازن کمبی نیشن بھی ڈھونڈنا ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ اس وقت ٹیم کے11 کھلاڑیوں میں صرف 5 کی جگہ پکی ہے جس میں اظہر علی، اسد شفیق، میں، یاسر شاہ اور عامر شامل ہیں ۔سرفراز احمد نے کہا کہ ہم ٹیسٹ ٹیم میں جس کو بھی لائیں گے کوشش ہو گی کہ اسے طویل عرصے تک ٹیم میں رکھیں۔