جدہ(واس) وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے داخلی عازمین کے حقوق سے متعلق وزارت کا نیا نظام منظور کرلیا۔ اس کی بدولت داخلی عازمین کے حقوق کو تحفظ حاصل ہوجائے گا۔ نئے نظام کے تحت داخلی معلمین پر پابندی لگائی گئی ہے کہ وہ آن لائن حج بکنگ و منسوخی کی آخری تاریخ تک اپنی آمدنی کا 20 فیصد 7 ذوالحجہ تک وزارت حج و عمرہ کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دیں۔ اس کا مقصد حج کا پروگرام بنانے والے ان سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے حج پیکیج کی رقم کی واپسی کو یقینی بنانا ہے جو بوجوہ وزارت داخلہ سے حج اجازت نامے آن لائن منسوخ کراچکے ہوں اور آن لائن حج بکنگ ختم کراچکے ہوں۔ وزارت حج وعمرہ داخلی عازمین کو آن لائن حج بکنگ اور منسوخی کا آپشن دیئے ہوئے ہے۔ وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران ایسے عازمین کو جو اپنا پروگرام تبدیل کرچکے ہوں ، حج کا پروگرام کسی وجہ سے منسوخ کرچکے ہوں، حج پیکیج کی رقم واپس حاصل کرنے میں متعدد اداروں کے چکر کاٹنے پڑتے تھے، کئی منظوریاں لینا پڑتی تھیں ۔ وزارت حج و عمرہ نے انہیں اس قسم کے جھنجھٹ سے نجات دلا دی ہے۔ امسال اس قسم کے لوگ وزارت حج سے براہ راست حج پیکیج کی رقم حاصل کرسکیں گے۔ وزارت حج و عمرہ میڈیا سینٹر نے عازمین سے کہا ہے کہ وہ 1438 ھ کے لئے آن لائن بکنگ کرائیں اور اس حوالے سے مقررہ کارروائی کی پابندی کریں۔ یکم ذی القعدہ سے داخلی عازمین حج کی درخواست دے سکیں گے۔ ایک اندازے کے مطابق زر ضمانت کے تحت امسال 86 ملین ریال جمع ہونگے۔