بیجنگ۔۔۔۔چین نے اپنے ایک شہر داتونگ میں شمسی توانائی کا ایک فارم قائم کیا ہے۔ 248ایکڑاراضی پر قائم ہونیوالے اس فارم کے نتیجے میں 100میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ 25سال کے عرصے میں یہ فارم 3.2بلین کلوواٹ بجلی پیدا کریگا۔اس کی خاص بات یہ ہے کہ اسے پانڈا کی شکل کا بنایا گیا ہے۔ اس کے پہلے مرحلے کا افتتاح 30جون کو ہوا ہے اور یہ شمال مغربی چین کے ایک گرڈ کو بجلی فراہم کرنا شروع کرچکا ہے۔ چینی کمپنی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ پانڈا کی شکل میں شمسی توانائی اسٹیشن قائم کرنے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں میں شمسی توانائی کے بارے میں دلچسپی اور شعور پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے پر کام اس سال کے آخر تک شروع ہوجائیگا۔جس کے نتیجے میں 1.056ملین ٹن کوئلے کی بچت ہوگی جبکہ 2.74ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائڈ کا اخراج ختم ہوجائیگا۔ اس منصوبے کو اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام ( یو این ڈی پی)کی حمایت حاصل ہے۔