لکھنؤ(ظفر محمد)اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے آ رہے پتھروں پر ایک بڑا بیان دیتے ہوئے رام جنم بھومی ٹرسٹ کے صدر مہنت نرتیہ گوپال داس نے دعویٰ کیا ہے کہ 2019 میں ہونے والے پارلیمنٹ انتخابات سے قبل اجودھیا میں مندر کی تعمیر کا کام شروع ہو جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ وی ایچ پی نے راجستھان سے پتھروں کی کھیپ منگوانا شروع کر دی ہے۔ ۔ ٹرسٹ صدر نے کہا کہ مرکز میں مودی اوراتر پردیش میں یوگی حکومت ہونے سے اب مندر کی تعمیر کا راستہ ہموار ہے۔انہوں نے کہا کہ کورٹ عوام کا جذبہ اور عقیدہ دیکھ کر فیصلہ کرتی ہے۔ یقینا سپریم کورٹ عوام کے حق میں ہے ۔ رام مندر کی تعمیر کیلئے مسلسل آ رہی پتھروں کی کھیپ کو لے کر بابری مسجد کے فریقین میں خاصا غصہ ہے۔ فریق حاجی محبوب نے کہا کہ اب ہم بھی پتھرمنگائیں گے اور مسجد تعمیر کیلئے پتھر تراشی کا کام کریں گے۔کہا کہ معاملہ عدالت میں زیر التوا ہے، جب تک فیصلہ نہیں آ جاتا اس وقت تک کسی کی حیثیت نہیں کہ کوئی یہاں ایک بھی اینٹ رکھ دے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 1992 کا واقعہ نہیں دہرانا چاہتے، لیکن پھر بھی ماحول بگڑا تو خاموش نہیں رہیں گے۔انہوں نے ریاستی حکومت پر وی ایچ پی کو من مانی کرنے کی چھوٹ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مسلسل پتھروں کی فراہمی سے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔