Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلامی دنیا کے پہلے اہم واقعے پر مبنی کتاب ’’ہجرتِ حبشہ‘‘ شائع ہو گئی

اسلام آباد- - - - - - اسلامی دنیا کے پہلے اہم واقعے کی مستند تاریخ پر مبنی نئی کتاب ’’ہجرتِ حبشہ‘‘ شائع ہوگئی۔ اردو نیوز اور روشنی کے ایڈیٹر عبد الستارخان کی تحقیق پر مشتمل یہ کتاب نیشنل بک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام شائع ہوئی ہے۔مصنف نے اس کتاب میں ایک دیانت دار محقق کے طور پر چھان بین کر کے اور دقتِ نظر سے تاریخ کے اس اہم واقعہ کو قلمبند کیا ہے ۔ انہوں نے تاریخِ اسلام کے اس واقعے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اس کی تفصیلات کا جو قرض مؤرخین کے قلم پر فرض تھا، اُسے چکانے کی حتی المقدور کوشش کی ہے۔ کتاب میں حبشہ کی تاریخ ، جغرافیہ،تہذیب وثقافت، صحابہ کرام کے احوال، ہجرت کے اسباب، حبشہ میں پیدا ہونے والے صحابہ کی اولادیںاور وہاں کی زبانوں کے علاوہ ہجرت کے مقام کا بھی بھرپور تذکرہ کیا گیاہے۔ ایک ہزار کی تعداد میں شائع ہونے والی اس کتاب کی رعایتی قیمت رکھی گئی ہے۔خاص ہجرت حبشہ کے موضوع پر جامع تحقیق اردو دان طبقہ کے لئے نہایت مفید ہوگی۔ مصنف نے ڈاکٹر جلال الدین اور عبداللہ مساوی کے لیے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے انتساب اپنی شریکِ حیات امِ جودی کے نام کیا ہے۔ واضح رہے کہ ہجرت حبشہ پر مشتمل یہ تحقیق روشنی میں قسط وار شائع ہوچکی ہے۔

شیئر: