حیدرآباد( ابو حمید)شہر حیدرآباد میں گنبدان قطب شاہی سے متصل اراضی پر دکن پارک کا افتتاح تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی راما راؤ اور مرکزی مملکتی وزیر لیبر بنڈارودتاتریہ نے انجام دیا ۔ا س موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ شہر حیدرآباد کیلئے ورلڈ ہیرٹیج سٹی کاایوارڈ حاصل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ حیدرآباد کی تاریخی یادگاروں مکہ مسجد، چارمینار،گولکنڈہ ،گنبدان قطب شاہی کے تحفظ کیلئے قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ اس پارک کے افتتاح کے بعد یہاں پر سیاحتی سرگرمیوں کا آغاز ہوجائے گا۔وزیر موصوف نے کہاکہ 108ایکڑ پر پھیلے گنبدان قطب شاہی اورقلعہ گولکنڈہ کوسیاحت کے مرکز میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ پارک میں چہل قدمی کی اجازت دینے جوبلی ہلز کے رکن اسمبلی گوپی ناتھ کی خواہش پر وزیر موصوف نے مثبت ردعمل کا اظہارکیا اور کہا کہ پارک کوصبح اورشام میں چہل قدمی کرنے والوںکیلئے کھو لا جائے گا۔ حیدرآباد میں سیاحوں کوراغب کرنے والی کئی عمارتیں ہیں ۔ان کے استحکام کیلئے مزید فنڈز نہ صرف ریاستی حکومت فراہم کرے گی بلکہ مرکزسے بھی مزید فنڈز لانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ شہر میں سیاحوں کی تعدا میں اضافہ ہورہا ہے ۔یہاں سیاحت دوست اقدامات کئے جائیں گے اور شہر کو محفوظ شہربنایاجائے گا۔انہوںنے وعدہ کیا کہ حیدرآباد کو محفوظ و اسمارٹ سٹی میں تبدیل کیا جائے گا ۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت کا تعاون تلنگانہ حکومت کو رہے گا۔انہوںنے پارک کے قیام پر علاقہ کے لوگوں کو مبارکبا د بھی پیش کی۔مرکزی وزیر بنڈارودتاتریہ نے کہاکہ مرکزی حکومت نے اضلاع محبوب نگراور عادل آباد میں سیاحتی مقامات کیلئے500کروڑروپئے الاٹ کئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ شہرحیدرآبادکو یونیسکوکاہیرٹیج سٹی کادرجہ دلانے کیلئے مرکز سے تمام طرح کا تعاون کیاجائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس اتحاد المسلمین کے صدر بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ سرسبزی وشادابی میں کمی ہے ۔اس میں 12فیصد اضافہ کی ضرورت ہے۔انہوںنے دکن پارک کے افتتاح پر ا ظہار تشکر کرتے ہوئے وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی راما راؤسے اپیل کی کہ وہ گولکنڈہ قلعہ کے قریب کٹورہ حوض کو خوب صورت بنانے کے کاموں کا بھی آغاز کریں ۔انہوںنے ساتھ ہی دکن پارک میں غیر کارکرد سوئمنگ پول کو بھی بہتر حالت میں بنانے کے اقدامات پرزور دیا۔نائب وزیراعلی محمد محمودعلیٰ نے کہاکہ پارک کاافتتاح کافی دنوںسے زیرالتوا تھا۔انہوںنے کہاکہ سرسبزی وشادابی میں اضافہ سے ماحول بہتر ہوتا ہے۔آغاخان ٹرسٹ کے تعاون سے گنبدان قطب شاہی کی مرمت کاکام کیا جارہا ہے۔انہوںنے کہاکہ گنبدان قطب شاہی سے گولکنڈہ قلعہ تک جانے کے راستہ کو سیاحوں کیلئے بہتر بنایاجائیگا۔انہوںنے کہاکہ تلنگانہ ریاست تیزی کے ساتھ ترقی کررہی ہے ۔یہ وہی ریاست ہے جو نظام دکن کی دنیا کی سب سے دولت مندریاست تھی۔انہوںنے اس یقین کااظہارکیاکہ وزیراعلیٰ کا سنہرے تلنگانہ کا خواب جلدپورا ہوگااور پوری دنیا میں تلنگانہ ریاست سرفہرست رہے گی۔