مکہ مکرمہ- - - - وزارت حج و عمرہ نے 1438ھ کے حج موسم کیلئے پیکج جاری کر دیئے سب سے سستا پیکج 3447ریال اور سب سے مہنگا14361ریال کا ہے۔ "المنسک"ویب سائٹ نے اس کی تفصیلات دی ہیں۔ یہ ویب سائٹ داخلی حجاج کے امور و مسائل کیلئے مخصوص ہے۔ اس پر واضح کیا گیا ہے کہ امسال 194داخلی معلمین ، داخلی عازمین کو 9حج پیکج دیں گے۔ ان میں سب سے سستا 3447ریال اور سب سے مہنگا 14361ریال کا ہے۔منیٰ ابراج میں 11872کی رہائش کا انتظام ہو گا جبکہ عمومی پروگراموں سے 198976افراد فیضاب ہو سکیں گے۔معمولی لاگت والے پیکج سے 23477استفادہ کر سکیں گے جبکہ آسان حج پروگرام سے 10ہزار امیدوار فیضیاب ہوں گے۔ مجموعی تعداد 239253ہوگی۔ یہ اعداد وشمار حتمی نہیں ہیں۔ ایک تخمینے کے مطابق اتنی تعداد میں داخلی عازمین فریضے کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔ آسان حج پیکج حاصل کرنے والے مکہ مکرمہ میں کہیں بھی حاجیوں کی عمارت میں رہائش اختیار کر سکیں گے۔ وزارت نے شرط لگائی ہے کہ داخلی معلمین انہیں ان کے شہروں، قصبوں ، بستیوں سے مشاعر مقدسہ جدید بسوں میں سفر کرائیں گے۔ اس کے لئے زیادہ سے زیادہ 2008ء ماڈل کی بسیں استعمال کی جا سکیں گی۔ یہ لوگ مشاعر مقدسہ میں ٹرین سے سفر کریں گے۔ حجاج کو ابراج منیٰ میں بھی ٹھہرایا جائے گا۔ ان کی تعداد6ہے ۔ یہ عمارتیں جمرات کے پل کے قریب واقعہ ہیں۔ 6داخلی معلمین کو ان میں اپنے حاجی ٹھہرانے کا موقع دیا گیا ہے۔ وزارت حج نے داخلی عازمین کو 6زمروںمیں تقسیم کیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ حج کا اندراج آن لائن ہوگا۔ عازمین موزوں پیکج اور کمپنی کا ازخود انتخاب کریں گے۔ رقم ادا کرنے کے بعد اجازت نامہ جاری ہوگا۔