لندن.۔۔۔۔دفاعی امور کے ماہر امریکی مصنف پیٹرک برگ نے خبر دار کیا کہ مشرق وسطیٰ فوجی بحران کے دہانے پر کھڑا ہوا ہے۔ موجودہ حالات پہلی عالمی جنگ شروع ہونے سے پہلے کے حالات جیسے ہیں۔امریکی ماہر نے توجہ دلائی کہ عراق اور شام میں داعش کی شکست کا ماحول نظر آنے کے باوجود خطے میں امن و امان کے آثارنہیں۔مشرق وسطیٰ بے یقینی کے ماحول سے گزر رہا ہے ۔امریکی ماہر نے اس کا ذمہ دار صدر ٹرمپ کے طور طریقوں کو قراردیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ خطے کے کشیدہ ماحول پر خوف کے بادل چھائے ہوئے ہیں یہ ماحول 1914ء کے دوران پہلی عالمی جنگ سے قبل یورپی ممالک کی صورتحال کی یادیں تازہ کررہا ہے۔ امریکی ماہر کا کہنا ہے کہ شام سے متعلق ٹرمپ کی پالیسی کا کسی کو علم نہیں جبکہ مشرق وسطیٰ کے بحران بڑھتے چلے جارہے ہیں ایسا لگتا ہے کہ صورتحال کنٹرول سے باہر ہوجائے گی۔ ممکن ہے حالات دھماکہ خیز ہوجائیں اور کوئی علاقائی یا نئی عالمی جنگ چھڑ جائے۔