لکھنؤ- - - - - بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے منگل کو یہاں کہا کہ رائے بریلی میں برہمن سماج کے 5 نوجوانوں کا اجتماعی قتل یوپی میں بی جے پی کے جنگل راج کی طرف بڑھتے قدم ہیں۔انہوں نے اعلان کیا ہے کہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پارٹی زور شور سے معاملہ اٹھائے گی۔ مایاوتی نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ستیش چندر مشرا کی قیادت میں ایک وفد متاثرہ کنبہ سے ملاقات کرے گا اور انہیں تسلی کے ساتھ ہی ان کو انصاف دلانے کی بھرپور کوشش کریگا۔ بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں جرائم کنٹرول اور قانون نظم ونسق کی بدتر صورت حال کے ساتھ ہی رائے بریلی کا معاملہ بھی مؤثر طریقے سے اٹھایا جائے گا تاکہ متاثرہ کنبہ کو انصاف دلانے کے لئے ریاستی حکومت کو پابند کیا جا سکے۔مایاوتی نے کہا کہ اس واقعہ کو خود بی جے پی کے وزراء قتل عام مان رہے ہیں لیکن یوگی حکومت اس میں بھی سیاست کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر برہمن سماج کے لوگ بہت زیادہ مشتعل نظر آ رہے ہیں اور متاثرین کو انصاف دلانے کے لئے تحریک چلا رہے ہیں۔