عابد جان ...او آئی سی نے ہند پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدر آمد کرے۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کی طرف سے منظور کی جانے والی متفقہ قرارداد میں کہا گیا کہ جموں وکشمیر ہنداور پاکستان کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے،اس کا جلد حل جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے ناگزیر ہے۔کونسل نے حق خودارادیت کیلئے کشمیری عوام کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دہشتگردی سے جوڑا نہیں جاسکتا۔کونسل نے ہندوستانی فورسز کی طرف سے مہلک ہتھیاروں اور پیلٹ گن کے مسلسل استعمال پر افسوس ظاہر کیا کہ جس سے بڑی تعداد میں بے گناہ کشمیری جاں بحق اور نابینا ہوگئے ۔وزرائے خارجہ نے کشمیری رہنماوں کی غیر قانونی نظر بندی کی بھی مذمت کی۔کونسل نے کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی ہندوستانی کوششوں پر بھی تشویش ظاہر کی جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ہندکی ذمہ داریوں اور بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔