راولپنڈی ... آرمی چیف جنرل باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک کی کامیابی کے لئے تمام اداروں کو ملکر کام کرنا چاہئیے۔کوئی بھی رکاوٹ آئے سی پیک کو کامیاب بنائیں گے۔ کسی کو اس حوالے سے ہماری صلاحیتوں پر شک وشبہ نہیں ہونا چاہیے۔ آئی ایس پی آرکے مطابق سی پیک لاجسٹک انٹرنیشنل فورم سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ سی پیک کے لئے خطے میں امن و استحکام ضروری ہے۔ چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں ترقی آئے گی۔ پاکستان ،مغربی چین اور خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پر فخر ہے۔ فوج اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سی پیک کی سیکیورٹی کے لئے چو کس ہیں لیکن سی پیک کی کامیابی کے لئے تمام اداروں کو بھرپور تعاون کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے پاکستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے محفوظ ملک بنا رہے ہیں ۔