ٹرورو، کارنوال- - - - -حافظہ کی کمزوری کی شکایتیں وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتی جا رہی ہیں مگر کچھ لوگوں نے اپنے طور پر اس بیماری پر قابو پانے کیلئے مختلف طریقے بھی استعمال کئے ہیں ۔ یہاں رہنے والی ایک گلوکارہ سوزی میک کا کہنا ہے کہ حافظہ کی کمزوری ان کی مجموعی صحت پر بھی اثر انداز ہو رہی تھی اور چند قدم چلنا بھی ان کیلئے مشکل ہو گیا تھا اگر وہ زیادہ چلنے پھرنے کی کوشش کرتی تو انہیں کئی دنوں تک بستر پر پڑے رہنا پڑتا تھااور پھر ایسا وقت آیا کہ ان کا حافظہ جواب دینے لگا وہ اپنے والدین کا نام تک بھول گئیں ۔ ڈاکٹروں نے تفصیلی معائنے کے بعد بتایا ہے کہ ان کی حالت وٹامن بی 12کی کمی کا نتیجہ ہے ۔ واضح ہو کہ یہ وٹامن سرخ گوشت ، مچھلی ، مرغی اور دلیوں میں موجود ہوتی ہے اور ان چیزوں کے استعمال سے انسان کا اعصابی نظام اور ذہن اچھی طرح کام کرتا ہے ۔ سوزی نے اپنے جیسے دوسرے لوگوں کو بھی پابندی سے وٹامن بی 12استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ اسے وہ اگر اپنی عادت بنالیں تو شاید کبھی بھی حافظہ کی کمزوری یا نسیان کی شکایت نہ ہو ۔