Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگاپوری خاتون نے اپنے بچوں کیلئے کھلونا کیک تیار کرلیا

سنگاپور- - - - - فطری طور پر ہر ماں کی ایک خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچو ں کیلئے مختلف اقسام کی لذیذ اور خوبصورت چیزیں تیار کرے تاکہ اس کے بچے اسے کھائیں اور خوش رہیں مگر بعض مائیں اپنے ممتا کے اسی تقاضے کو اتنی بلندی تک پہنچا دیتی ہیں کہ یقین نہیں آتا ایسا ہی کچھ یہاں رہنے والی ایک خاتون نے کر دکھایا ہے اور اپنے بچوں کیلئے انتہائی خوبصورت اور کھلونا نما کیک تیار کر کے سبھوں کو حیرت زدہ کر دیا ہے ۔ ان کی کاریگری اتنی شاندار ہے کہ جب ان کے بنائے ہوئے کیک وغیرہ کی تصویریں انسٹا گرام اور نیٹ پر جاری ہوئی تو انہیں سراہنے والوں کا ایک ہجوم آن لائن پر جمع ہو گیا۔ 37سالہ سوسان 3بچوں کی ماں اور بائیو میڈیکل انجیئنرنگ میں پی ایچ ڈی ہیں مگر کیک وغیرہ بنانے میں بھی مہارت حاصل ہے ۔ انہوں نے جو کیک بنائے ہیں ان کی شکلیں مختلف جانوروں اور کارٹون کے کرداروں کا عکس لئے ہوئے ہیں ۔ بعض بلیوں کی شکل کے ہیں اور بعض ریچھوں اور دوسرے جانوروں کی جبکہ بہت سے کیک بچوں کے مختلف کھلونے سے ملتے جلتے ہیں ۔ سوسان کے مداحوں کی تعداد انسٹا گرام پر 23ہزار سے زیادہ بتائی جاتی ہے ۔فیمیل نامی جریدے سے بات کرتے ہوئے سوسان نے بتایا کہ ان کے بنائے ہوئے کیک وغیرہ کی تیار ی میں عام کیک میں استعمال ہونیوالی شکر کے مقابلے میں صرف ایک چوتھائی شکر استعمال ہوتی ہے جبکہ ان چیزوں میں وہ مکھن کا استعمال بالکل نہیں کرتیں ۔ مکھن کی جگہ وہ انڈے اور ویجیٹبل آئل استعمال کرتی ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ خود بچپن ہی سے کھانے پکانے کی چیزوں کوبنانے کی شوقین رہی ہیں اور ان کا یہ شوق رفتہ رفتہ مہارت تبدیل ہو گیا ۔

شیئر: