شاہ سلمان، ولیعہد اور عرب وزرائے خارجہ سے ٹلرسن کی ملاقات، قطری بحران پر گفتگو
جمعرات 13 جولائی 2017 3:00
جدہ - - - - -خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بدھ کو جدہ کے قصر السلام میں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے ملاقات کی ۔ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے شاہ سلمان کیلئے خیر سگالی کا پیغام پیش کیا ۔ خادم حرمین شریفین نے انہیں امریکی صدر کیلئے جوابی پیغام حوالے کیا ۔ اس موقع پر سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات دونوں دوست ملکوں کے درمیان تعاون کے نئے افق ، خطے کے تازہ حالات خصوصاً دہشتگردی اور اس کی فنڈنگ کے انسداد کیلئے کی جانیوالی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود امریکہ میں متعین سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان ، وزیر مملکت و رکن کابینہ ڈاکٹر ابراہیم العساف ،سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر ،مملکت میں متعین امریکی ناظم الامور کرسٹوور ہینزل موجود تھے ۔ امریکی وزیر خارجہ نے ولیعہد ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کر کے انسداد دہشتگردی کے علمبردار عرب ممالک اور قطر کے درمیان پیدا ہونیوالے خلیجی بحران اور امریکی ثالثی پر بات چیت کی۔ اس سے قبل امریکی وزیر نے خلیج کے دورے کا آغاز پیر کو کویت سے کیاتھا ۔ کویت خلیجی بحران حل کرانے کیلئے ثالثی کر رہا ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر کے ساتھ دہشتگردی کی فنڈنگ بند کرانے کیلئے طے پانیوالی مفاہمتی یادداشت کئی ہفتوں کی محنت کا نتیجہ ہے ۔ قطر ٹھوس اقدامات کرے گا اور امریکہ دہشتگردی کی فنڈنگ کو معطل کرنے کیلئے آئندہ مہینوں اور سالوں کے دوران تدابیر اپنائے گا ۔ امریکی وزیر خارجہ سے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیرنے بھی ملاقات کی ۔ انہوں نے خطے کے تازہ حالات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ امریکی وزیر خارجہ اور انسداد دہشتگردی کے علمبردار ممالک مصر ،مملکت ، امارات اور بحرین کے وزرائے خارجہ نے اہم ملاقات کی ۔ اس موقع پر کویتی وزیر مملکت برائے امور کابینہ شیخ محمد المبارک بھی موجود تھے ۔ وزراء نے قطر کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کے حوالے سے تازہ صورتحال اور دہشتگردی نیز اس کی سرپرستی اور اس کی فنڈنگ کے خاتمے کے طور طریقوں پر نقطہ نظر کا تبادلہ کیا ۔ امریکی وزیر خارجہ کوئی بیان دئیے بغیر بدھ کو جدہ سے رخصت ہو گئے ۔