امریکی وزیر خارجہ ٹلرسن کا دورہ خلیج ناکام ہوگیا،بلومبرگ
جمعرات 13 جولائی 2017 3:00
دوحہ- - - - - امریکی نیوز ایجنسی بلومبرگ نے دعوی کیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کا دورہ خلیج ناکام ہوگیا۔ انہوں نے کسی نتیجے پر پہنچے بغیر خلیج کاد ورہ مکمل کرلیا۔ انسداد دہشت گردی کے علمبردار4ممالک قطر سے اپنے 13 مطالبات مکمل کرانے کا سخت موقف اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ کسی بھی عارضی حل کو قبول کرنے پر آمادہ نہیں جبکہ قطری حکام اپنے موقف سے ٹس سے مس ہونے کیلئے تیار نہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے جمعرات کو امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ایک ہفتے کے اندر اندر دوسری ملاقات کے بعد صحافیوں کے سوالات سننے سے انکار کردیا۔ ان کے دورہ قطر کا اصل ہدف قطری بحران کا حل طے کرانا تھا۔ امیر قطر کے بھائی شیخ محمد بن حمد آل ثانی نے امریکی وزیر خارجہ کو الوداع کہتے ہوئے آرزو ظاہر کی کہ وہ انہیں زیادہ بہتر ماحول میں پھر یہاں دیکھنا چاہتے ہیں ٹلرسن کویت سے دوحہ پہنچے تھے۔ وہ اس سے قبل سعودی عرب میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، ولیعہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان اور قطر سے دہشت گردی کی سرپرستی ختم کرنے کا مطالبہ کرنے والے ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کرکے کویت پہنچے تھے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق کہ سعودی عرب سے رخصت ہوتے وقت امریکی وزیر خارجہ اور سعودی وزیر خارجہ نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے الوداعی ہال میں طویل مذاکرات کئے تھے اس کے بعد دونوں ٹیلیفونک رابطوں کیلئے بیٹھ گئے تھے۔ دونوں میں سے کسی نے بھی بحران کے حل کیلئے کی جانے والی کوششوں میں مثبت پیشرفت کی بابت کسی بھی سوال کا جواب دینے سے گریز کیاتھا۔