فیفا کے سخت اقدام سے بچنے کیلئے پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی
اسلام آباد : پاکستان پر فیفا کی جانب سے پابندی کا خطرہ بڑھ رہا ہے جس کی وجہ متوازی فٹبال فیڈریشنز ہے۔ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے متنبہ کیاکہ اس کی تسلیم شدہ قومی فٹبال فیڈریشن کو کھیل کاکنٹرول نہ دیا گیا تو پاکستان پر پابندی عائد کردی جائے گی۔فیفا کی جانب سے لکھے جانے والے خط میں کہا گیاکہ وہ فیصل صالح حیات کی قیادت میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کو تسلیم کرتی ہے، حکومت پاکستان بھی اس فیڈریشن کو تسلیم کرتے ہوئے اسے کنٹرول واپس کرے ورنہ پاکستان کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔ فیفا کا کہنا ہے کہ 31 جولائی تک قومی فیڈریشن کا ہیڈ کوارٹر اور اس کے اکاونٹس بحال نہ کئے گئے تو فیفا سخت ترین اقدام کرتے ہوئے معاملہ اپنی کونسل کے حوالے کرکے پاکستان پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کردے گی۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ حکومت نہیں چاہتی کہ فیفا پاکستان پر پابندی لگائے کیونکہ پابندی لگی تو ملک میں فٹبال کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ چند عناصر قومی مفاد کو بالائے طاق رکھ کر پاکستان کو بد نام کرنے کے در پے ہیں۔ریاض حسین نے الزام عائد کیا کہ فیصل صالح حیات بھی اس صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔ وہ فیڈریشن میں شفاف نظام قائم کرنے میں ناکام رہے اس لئے ہم فیفا سے درخواست کریں گے کہ وہ خود آگے بڑھ کر اس معاملے کو حل کرائے