ٹیکساس- - - - امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک شخص کیش مشین میں پھنس گیا اور اس نے رسید والی سلاٹ سے پرچی پر پیغام لکھ کر باہر بھیجا جس سے اس کی جان بچ گئی۔ٹیکساس کے علاقے کورپس کرسٹی کی پولیس کے مطابق یہ شخص بینک میں مرمت کا کام کر رہا تھا اور اس کا فون بھی گاڑی میں پڑا تھا جب وہ ایک ایسی بڑی اے ٹی ایم مشین میں پھنس گیا جس میں سے لوگ گاڑی میں بیٹھے بیٹھے پیسے نکلوا لیتے ہیں۔یہ شخص پیسے نکلوانے کے لیے آنے والوں کو چیخ چیخ کر مدد کے لیے پکارتا رہا لیکن اس کی کسی نے نہ سنی۔جب پولیس کے علم میں یہ بات آئی تو پہلے تو وہ سمجھے کہ یہ کوئی مذاق ہے لیکن پھر اسے وہاں سے نکال لیا گیا۔پولیس نے جب مشین میں سے آتی آوازیں سنیں تو وہ سمجھے کہ کوئی مذاق ہے۔پولیس افسر رچرڈ اولڈن نے کہا کہ 'مشین سے ہلکی ہلکی سے آوازیں تو آ رہی تھیں تو ہم سمجھے کہ یہ کوئی مذاق ہو رہا ہے۔مشین میں پھنسے ہوئے شخص کا رسید کی سلاٹ سے بھیجا گیا پیغام ایک شخص کو ملا جس پر لکھا تھا کہ 'پلیز میری مدد کریں۔ میں یہاں پھنسا ہوا ہوں اور میرے پاس میرا فون بھی نہیں ہے۔ پلیز میرے باس کو کال کر دیں۔' اس پیغام پر باس کا فون نمبر بھی درج تھا۔یہ شخص بینک آف امریکا کی اس مشین کے اندر دو گھنٹوں تک پھنسا رہا۔پولیس افسر اولڈن نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ 'سب ٹھیک ہیں، لیکن شاید ہی آپ اپنی زندگی میں ایسا ہوتا دیکھیں کہ کوئی شخص اے ٹی ایم مشین میں پھنس گیا ہو۔ یہ پاگل پن ہے۔