واشنگٹن - - - - - - وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے قطر کے بحران اور الموصل میں داعش کی شکست پر تبادلہ خیال کیا۔ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک بھوت ہے جس کے خلاف مسلسل کارروائی ضروری ہے۔ قطر دہشت گردی کی فنڈنگ کیلئے مشہور ہو چکا ہے۔ انہوں نے قطر میں امریکی فوجی اڈے کے تناظر میں کہا کہ قطر کے ساتھ ہمارے تعلقات عمدہ ہیں تاہم اگر ہمیں قطر میں اپنا فوجی اڈہ چھوڑنا پڑا تو دسیوں ممالک اپنے یہاں امریکی فوجی اڈہ قائم کرنے کی پیشکش کریں گے۔ ٹرمپ نے اپنے دورہ سعودی عرب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے عظیم الشان سربراہ کانفرنس کی میزبانی کی اور اس میں بحث کا اہم ترین موضوع دہشت گردی کی فنڈنگ پر دولت کا بے تحاشہ استعمال تھا۔ امریکی صدر نے کہا کہ خلیجی، عرب اور مسلم ممالک دہشت گردی کے خلاف اپنے مشن میں کامیاب ہونگے۔