کراچی ...جوائنٹ چیفس آف ا سٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمودحیات نے کہاہے کہ دشمن خفیہ ایجنسیوں خصوصاً ''را'' کے مذموم عزائم سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ہفتے کو پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں کیڈٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہندوستانی خفیہ ادارہ اپنی تخریبی سرگرمیوں کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کررہاہے تاکہ ملک میں بے چینی اورعدم استحکام پیدا کرسکے۔اربوں ڈالرمالیت کے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو سبوتاژ کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ مربوط اجتماعی کوششوں کے ذریعے تمام خطرات سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں۔ پاکستان دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتاہے۔ جنرل زبیر نے کہا کہ علاقائی معاملات میں پاکستان کا کردار اہم ہے۔پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں ماضی میں بھی ناکام ہوئیں۔ مستقبل میں بھی ناکام ہوں گی۔انہوں نے کہا پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن بقائے باہمی سے رہنا چاہتا ہے۔افغانستان میں امن و سلامتی پاکستان میں قیام امن کے لئے بنیاد ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ جنرل زبیر نے کہا کہ قوم کو اپنے سمندروں کے محافظوں پرفخر ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان نیول اکیڈمی سے 100ا فسران پاس آوٹ ہو رہے ہیں ان میں سے 72 پاکستانی اور 28 سعودی عرب سمیت برادر ممالک کے افسران شامل ہیں۔