لکھنؤ- - - - - اترپردیش کے وزیر آبپاشی دھرم پال سنگھ نے ہدایت دی ہے کہ محکمہ کے سیکریٹری و اسپیشل سیکریٹری سطح کے افسران سیلاب سے متاثرہ اضلاع کا دورہ شروع کر دیں اور عوام کو ضرورت کے مطابق تحفظ و دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ واضح ہو کہ اس وقت ریاست کے پندرہ اضلاع سیلاب سے بری طرح متاثر ہیں۔ بنارس، فیض آباد، کانپور، سنت کبیر نگر، بلیا، گونڈہ، لکھیم پور کھیری، پیلی بھیت، سراوستی، بلرام پور، سدھارتھ نگر، مہراج گنج، دیوریا اور مئو وغیرہ کے سیکڑوں مواضعات میں گھاگھرا، شاردا اور گنگا کا پانی داخل ہوچکا ہے۔ وہاں کے دریا کے کنارے آباد مواضعات کے لوگ اپنے گاؤں اور آبادیاں چھوڑکر دوسرے مقامات پر منتقل ہورہے ہیں۔ حکومت اترپردیش نے اگرچہ پوری ریاست میں الرٹ جاری کردیا ہے لیکن سرکاری افسران ابھی خواب خرگوش میں مبتلا ہیں۔ سیلاب میں اب تک 52 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے جبکہ سیکڑوں جانور سیلاب کے پانی میں بہہ گئے ہیں یا مرچکے ہیں۔ لکھیم پور، بہرائچ اور پیلی بھیت کے جنگلوں میں پانی بھرجانے کی وجہ سے جنگلی جانور انسانی آبادیوں پر حملہ کرنے لگے ہیں جو بہت بڑی مصیبت ہے۔