Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حیدرآبادمیں مقیم ریاستی باشندوں کیلئے میڈیکل خدمات ختم

حیدرآباد- - - -آندھراپردیش حکومت نے ایک سرکاری حکم جاری کرتے ہوئے حیدرآباد میں مقیم آندھراپردیش کے عوام کیلئے آروگیہ شری خدمات کو منسوخ کردیا ہے۔ آروگیہ شری خدمات کے تحت غریب افراد کو مختلف امراض کے کارپوریٹ اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جاتی ہے اور یہ خدمات دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی میں دی جاتی ہیں تاہم اے پی حکومت نے اس سلسلہ میں سرکاری حکم جاری کرتے ہوئے حیدرآباد میں مقیم آندھراپردیش کے عوام کیلئے آروگیہ شری خدمات کو منسوخ کردیا ہے اور صرف کینسر کے علاج کو اس سے مستثنیٰ دیا گیا ہے۔اس حکم نامے میں واضح کردیا گیا ہے کہ اے پی کے رہنے والے افراد آروگیہ شری خدمات کے حصول کیلئے وجئے واڑہ یا پھر وشاکھاپٹنم کے اسپتالوں سے رجوع ہوں جہاں یہ خدمات ان کو فراہم کی جائیں گی تاہم اے پی کے علاقہ رائل سیما سے تعلق رکھنے والے افراد ، اس سرکاری حکم نامہ سے پریشان ہیں جنہوںنے اس پر اعتراض کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ حیدرآباد، اے پی کے وجئے واڑہ یا وشاکھاپٹنم کے مقابلے علاقہ رائلسیما سے قریب ہے ،پتہ چلا ہے کہ حکومتِ اے پی اس سلسلہ میں نیا حکم نامہ جاری کرے گی۔

شیئر: