قطرسے متعلق مفصل فائل فرانس کے حوالے ہوگی ، الجبیر
اتوار 16 جولائی 2017 3:00
جدہ ۔۔۔۔سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب قطر سے متعلق مکمل فائل فرانس کے دفترخارجہ کو پیش کریگا۔ انہوں نے یہ اعلان جدہ میں فرانس کے وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا ۔ اس سے قبل دونوں وزراء نے دہشتگردی و انتہا پسندی کے انسداد کیلئے جاری کوششوں اور فرانس و سعودی عرب کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ علاقائی و عالمی مسائل بھی زیر بحث آئے تھے۔ الجبیر نے واضح کیا کہ قطر گزشتہ برسوں کے دوران منفی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔ اس کی تمام کارستانیوں کی ایک فائل فرانس کے دفتر خارجہ کو پیش کی جائے گی۔ اس سے قبل وہی فائل امریکہ کو پیش کی جاچکی ہے۔ دیگر دوست ممالک کے بھی حوالے کی جائیگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کاش یہ بحران جی سی سی کے دائرے میں حل ہوجائے اور ہمارے قطری بھائی ہوش کے ناخن لیکرعرب ہی نہیں بلکہ عالمی برادری کے مطالبات قبول کرلیں۔الجبیر نے بتایا کہ فرانس کے وزیر خارجہ کے ساتھ قطری بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔فرانسیسی وزیر خارجہ کے سامنے یہ موقف لایا گیا کہ قطر سمیت ہر ملک کو بنیادی اصولوں کی پابندی کرنا ہوگی جن میں دہشتگردی کی مدد نہ کرنا ، دہشتگردی کی مالی اعانت نہ کرنا ، انتہا پسندی کو فروغ نہ دینا ، ذرائع ابلاغ کے توسط سے نفرت پھیلانے اور اشتعال انگیزی سے گریز کرنا قابل ذکر ہے۔ فرانس کے وزیر خارجہ نے قطری بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات سیاسی و اقتصادی ہر سطح پر پڑیں گے۔