لندن:ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مردوں کے فائنل میچ میں سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے کروشیا کے مارین سلیک کو شکست دے کر تاریخی فتح اپنے نام کی ہے۔ 7 مرتبہ کے ومبلڈن چیمپیئن راجر فیڈر ومبلڈن کے سینٹر کورٹ میں مارین سلیک کو شکست دے کر نہ صرف آٹھویں مرتبہ ٹائٹل حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں بلکہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے 15 ہزار شائقین سے خوب داد سمیٹی۔ فائنل دیکھنے والوں میں شہزادہ ولیم، ان کی اہلیہ، وزیراعظم تھریسا مے اور ان کے شوہر بھی شامل تھے۔ پہلے سیٹ میں فیڈرر نے سلیک پر 6-1 کے مقابلے میں6-3 سے برتری حاصل کی۔دوسرا سیٹ بھی فیڈرر نے 6-1سے جیت لیا۔دوسرے سیٹ میں سلیک اس وقت روتے دکھائی د یئے جب وہ پھسل گئے اور میڈیکل ٹیم کو میدان میں آنا پڑا۔تیسرے سیٹ میںسلیک نے کچھ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن پھر بھی فیڈرر6-4 سے یہ سیٹ جیت گئے۔ کروشیا کے مارین سلیک نے پہلی بار ومبلڈن کے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد راجر فیڈرر نے کہا کہ'مجھے معلوم نہیں تھا کہ ہر بار جب یہاں آو¿ں گا تو بہترین ہو گا، یہاں آ کر خود کو بہت اچھا محسوس کیا اور اب ٹرافی اٹھا رکھی ہے، ایک بھی سیٹ نہ ہارنا ایک سحر کی طرح ہے، مجھے ابھی تک اس کا یقین نہیں آ رہاہے اور یہ واقعی میں بہت زیادہ ہے۔پہلے سیمی فائنل میں کروشیا کے مارین سلیک نے امریکہ کے سیم کیوری کو شکست دی تھی۔