کولمبو ٹیسٹ: سری لنکا کی زمبابوے کو ہرا کر تاریخی فتح
کولمبو: سری لنکن کرکٹ ٹیم نے ہوم گراونڈ پر بڑے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے زمبابوے کے خلاف تاریخی فتح سمیٹ لی۔ سیریز کے واحد ٹیسٹ میںہدف کے کامیاب تعاقب کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 4وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ زمبابوے نے سری لنکا کو فتح کے لئے 388رنز کا مشکل ہدف د یا تھا جسے میزبان ٹیم6وکٹوں کے نقصان پر391رنز بنا کر حاصل کرلیا۔ یہ سری لنکا کی سرزمین پر سب سے بڑا اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا پانچواں بڑا ہدف تھا ۔80رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے اسیلا گونا رتنے کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 11وکٹیں لینے والے سری لنکن اسپنر رنگانا ہیرتھ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ زمبابوے کے سکندر رضا اور کریگ ایرون کی سنچریاں کسی کام نہ آئیں۔پانچویں دن سری لنکن ٹیم نے 170رنز 3کھلاڑی آوٹ پر دوسری اننگز شروع کی۔ سابق کپتان اینجلو میتھوز اور کوشل مینڈس بالترتیب17اور60رنز پر کھیلنے آئے سری لنکا کو فتح کے لئے 218رنز درکار تھے۔ زمبابوے کو واحد ٹیسٹ میںکامیابی کے لئے7وکٹوںکی ضرورت تھی۔ زمبابوے کے کپتان اور اسپنر گریم کریمر نے کوشل مینڈس کو 66 کے انفرادی اسکور پر آوٹ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔اینجلو میتھیوز اور ڈکویلا کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 25رنز کا اضافہ ہوا کہ میتھیوز بھی 25کے اسکور پر وکٹ گنوا بیٹھے۔یہ کامیابی ولیمز کے حصے میں آئی اور اس سے سری لنکن ٹیم پر دباﺅ میں مزید اضافہ ہو گیا ۔اس موقع پر نیروشان ڈکویلا اور اسیلا گونارتنے کے درمیان 121رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی جس نے میچ پر سری لنکن گرفت مضبوط کردی ۔ ولیمز اس شراکت توڑنے میں کامیاب ہو گئے تاہم اس کے بعد ہدف تک پہنچنا سری لنکن بیٹسمینوں کے لئے زیادہ مشکل ثابت نہ ہوا۔نیروشان ڈکویلا 81کے انفرادی اسکور پر آوٹ ہو ئے تو مجموعی اسکور 324 ہوچکا تھا ۔ ڈکویلا نے 118 گیندوں کی اننگز میں 6چوکے بھی لگائے۔اس کے بعد اسیلا گونا رتنے نے میچ کا کنٹرول سنبھال جس میں دلرووان پریرا نے ان کی مدد کی او ر7ویں وکٹ کےلئے67رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرتے ہو ئے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔گونارتنے نے 151گیندوں پر 6چوکوںکی مددسے 80 رنز بنائے۔ پریرا نے 76گیندوں پر 4چوکوں کی مدد سے29 رنز بنائے اور نا ٹ آوٹ رہے۔زمبابوے کی جانب سے کپتان کریمرنے4اور شان ولیمز نے2وکٹیں لیں۔