Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپئنز ٹرافی کی فاتح قومی ٹیم کے اعزاز میں تقریب

     لاہور: آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو 10,10 لاکھ روپے جبکہ کپتان سرفراز احمد اور فخر زمان کو پلاٹ دیئے گئے۔بحریہ ٹاون میں منعقدہ تقریب میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، اظہر علی، بابر اعظم، وہاب ریاض، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، حارث سہیل، احمد شہزاد، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی، چیف سلیکٹر انضمام الحق، مشتاق احمد اور دیگر آفیشلز نے شرکت کی۔ کپتان اور اسکواڈ میں شریک تمام پلیئرز کو 10,10 لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے ۔کپتان سرفراز احمد کو 135 گز اور فخر زمان کو کراچی میں ایک کنال کا پلاٹ بھی دیا گیا۔ جنید خان، محمد عامر، محمد حفیظ اور شعیب ملک بیرون ملک ہونے کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہ کر سکے، ان کے انعامی چیک پی سی بی کو دیئے گئے۔ نجم سیٹھی، انضمام الحق اور مشتاق احمد کو شیلڈز پیش کی گئیں۔ کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں ہند سے شکست کے بعد پریشان تھے، چیئرمین پی سی بی اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے حوصلہ بڑھایا، تمام کھلاڑیوں نے محنت کی اور اللہ تعالی نے جیت سے نوازا۔ اوپنر فخر زمان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے کی پوری امید تھی، ہند کو شکست دینے کی ٹھان لی تھی۔ فائنل کے دوران پریشر تھا، جس پر قابو پایا۔ فاسٹ بولر حسن علی نے کہا کہ ٹیم کی فتح میں کردار ادا کرنے پر خوش ہوں، پاکستان میں کھیلوں کا فروغ ضروری ہے۔چیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پر بھی لوگوں نے کہا کہ قومی ٹیم پہلی فلائٹ سے وطن واپس آئے گی، میگا ایونٹ میں فتح کی بڑی وجہ پلیئرز کی محنت اور جذبہ تھا، آگے دریا اور پہاڑ آئیں گے اور ان پہاڑوں پر بھی پاکستان کے جھنڈے گاڑیں گے، لوگ تو یہ بھی کہتے تھے کہ پی ایس ایل فائنل لاہور میں نہیں ہو سکتا۔چیرمین بحریہ ٹاون ملک ریاض نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں فتح کھلاڑیوں اور بورڈ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، تمام پلیئرز کو نصیحت ہے کہ نیک نیتی سے کھیل پر توجہ دیں، لالچ نہ کریں بلکہ کھیل پر دھیان دیں، پیسہ خود آپ کے پاس آئے گا۔ نوجوان پلیئرز کا مستقبل تابناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نجم سیٹھی کے مشورے سے کراچی میں اسٹیڈیم بنانا شروع کیا۔بحریہ ٹاون کراچی میں تعمیر ہونے والا اسٹیڈیم پاکستان کا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہو گا اور کراچی آنے والی ہر انٹرنیشنل ٹیم محفوظ ہوگی۔

شیئر: