لندن ۔۔۔۔ہندوستانی نژاد نوجوان برطانیہ کا کم عمر ترین فزیشن بن گیا۔ وہ اگست سے شمالی مشرقی انگلینڈ کے اسپتال میں کام شروع کردیگا۔ گاندھی نگر سے تعلق رکھنے والے ارپن دوشی کی عمر 21سال 335دن ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف شیفیلڈ سے پیر کو بیچلرآف میڈیسن اور سرجری کی ڈگری حاصل کی تھی۔ دوشی نے اس سے قبل کم عمرترین ڈاکٹر کا ریکارڈ صرف 17دن کے حوالے سے توڑا ہے۔ دہلی میں پیدا ہونے والے دوشی نے کہا کہ مجھے اس کا احساس نہیں تھا کہ میں اب کم عمرترین ڈاکٹر ہوں اوریہ کہ میں نے ایک نوجوان کا ریکارڈ صرف 17دن کے فرق سے توڑا ہے۔ ایک دوست نے مجھے انٹر نیٹ چیک کرکے یہ بات بتائی۔ دوشی کا کہنا ہے کہ میں 13سال کی عمر تک گاندھی نگر کے مقامی اسکول میں زیر تعلیم رہا ہوں۔ میرے والد مکینیکل انجینیئر تھے اور انہیں فرانس میں ملازمت مل گئی یوں ہم فرانس منتقل ہوئے۔ دوشی انگریزی ، ہندی اور گجراتی زبانوں میں ماہر ہیں۔