Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی مہلت پیر کو ختم ہوجائے گی، مزید توسیع کا امکان نہیں، محکمہ پاسپورٹ

جدہ- - - - -مملکت میں مقیم غیر قانونی تارکین کو دی جانے والی شاہی مہلت کل پیر کو ختم ہوجائے گی۔ محکمہ پاسپورٹ نے واضح کیا ہے کہ شاہی مہلت میں ایک مرتبہ توسیع کے بعد دوبارہ توسیع کی گنجائش نہیں ہوگی۔مہلت سے فائدہ اٹھانے والے جلد از جلد محکمہ پاسپورٹ کے دفاتر کا رخ کریں نیز جنہیں ملک سے چلے جانے کی اجازت دی گئی ہے وہ مقرر مدت کے دوران چلے جائیں ۔بصورت دیگر ان کا قیام غیر قانونی سمجھا جائے گا۔ محکمہ پاسپورٹ کے اعداد وشمار کے مطابق 21شوال تک مہلت سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد 5لاکھ72ہزار488تک پہنچ چکی ہے۔ واضح رہے کہ غیر قانونی تارکین سے پاک مہم کا آغاز یکم رجب سے ہوا تھا۔ شاہی مہلت 90دن کی تھی جو 30رمضان کو ختم ہوجانی تھی تاہم مہلت میں ایک ماہ کا اضافہ کیا گیا۔ اب یہ مہلت ام القری کلینڈر کے مطابق پیر بمطابق 30شوال کو ختم ہوجائے گی۔محکمہ پاسپورٹ نے کہاہے کہ مہلت ختم ہوجانے کے بعد جو تارکین غیر قانونی طور پر مملکت میں قیام کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ گرفتاری کی صورت میں ملک میں غیر قانونی قیام کے جرم میں جیل اور جرمانہ ہوگا۔ محکمہ پاسپورٹ نے غیر قانونی تارکین کو ہدایت کی ہے کہ مہلت ختم ہونے سے پہلے فائدہ اٹھایا جائے ۔

شیئر: