Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نائب وزیر سے پاکستان میں سرمایہ کاری پر تفصیلی گفتگو ہوئی: اسحاق ڈار

اسحاق ڈار نے کہا کہ ’سعودی نائب وزیر ابراہیم بن یوسف المبارک نے پاکستان میں سرمایہ کاری پر تفصیلی گفتگو کی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سعودی تجارتی وفد کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے مثبت بات چیت ہوئی۔
منگل کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے 50 رکنی تجارتی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔‘
’سعودی نائب وزیر سرمایہ ابراہیم بن یوسف المبارک کے دورے کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔‘  
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی سعودی وفد کے دورہ پاکستان کی مصروفیات پر بات چیت کی گئی۔‘
وزیر خارجہ نے بتایا کہ ’ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری پر بات ہوئی جس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’او آئی سی کے اجلاس نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا جبکہ اسلاموفوبیا کے خلاف بھی کُھل کر بات ہوئی۔‘
اسحاق ڈار نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر سعودی قیادت سے ملاقات کی۔
’وزیراعظم نے سعودی قیادت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کیں اور دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دینے میں مثبت پیش رفت ہوئی۔‘
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ’مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، انڈیا کشمیری رہنماؤں کو فوری رہا کرے۔‘
اپوزیشن جماعت پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے امریکی سفیر کی ملاقات پر انہوں نے کہا کہ ’ڈونلڈ بلوم نے مارچ میں کہا کہ حکومتی اور حزب اختلاف کے رہنماؤں سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں۔‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ ’ہماری حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کی اور ہم نے امریکی سفیر سے کہا کہ جس سے آپ ملاقات کرنا چاہتے ہیں کریں۔‘

شیئر: