Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضرورت مند فنکاروں کےلئے 90 لاکھ روپے کی گرانٹ

لاہور ..... وفاقی حکومت آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے تصور خانم‘ گلبہار بانو اور دیبا سمیت34 ضرورت مند فنکاروں کےلئے 90 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کر لی۔ تفصیلات کے مطابق کئی دہائیوں تک فلمی صنعت میں جگمگانے والے درخشاں ستاروں کو 90لاکھ ملیں گے۔ گرانٹ کی منظوری ایوان صدر میں منعقد وفاقی حکومت آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔ جن ستاروں کو امداد ملے گی ان میں تصور خان‘ گلبہار بانو‘ دیبا‘ ظل حسین‘ افضل خان‘ تاج محمد تاجل‘ ناصر زیدی‘ آصف خان‘ غزل جعفری‘ استاد بشیر خان‘ فاروق ضمیر‘ نوشابہ‘ یعقوب بلبلہ‘ صوفیہ انجم‘ پروین رانی‘ زیبا‘ مستی خان‘ عنایت اللہ سمیت تمام صوبوں سے نمائندگی کرنے والے دیگر فنکار شامل ہیں۔اس موقع پر صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ فنکار ہمارا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے ملک اور بیرون ملک پاکستانی کلچر اور پاکستان کا سافٹ امیج متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ عوام کے دلوں پر راج کرنے والے ضرورت مند فنکاروں اور اداکاروںکی بروقت اور بلاتفریق مد د کی جائے گی۔انہوں نے زیبا محمد علی‘ قوی خان‘ اصغر ندیم سید‘ سلمان علوی اور مصطفی قریشی پر مشتمل سٹیئرنگ کمیٹی بھی قائم کی جو ثقافت کے شعبے میں درپیش مشکلات اور فنکاروں کے مسائل کے ازالہ کےلئے اسٹیئرنگ کمیٹی کو اپنی تجاویز دے گی۔

شیئر: