دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کی سنسنی خیز کامیابی، سیریز بھی جیت لی
ابوظبی:پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو سری لنکا نے جیت کے لئے 125 رنز کا ہدف دے دیا۔ تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو فخرزمان 11 رنز بنا سکے جس کے بعدبابر اعظم نے صرف ایک رن کا اضافہ کیا اور اوڈانا کی وکٹ بن گئے۔شعیب ملک اور احمد شہزاد نے اسکور کو 50 تک پہنچایا مگر احمد شہزاد 27 رنز بنا کر آوٹ ہوئے اور شعیب ملک نے صرف 5 رنز بنائے۔کپتان سرفراز احمد اور محمد حفیظ نے ٹیم کا اسکور 94 رنز تک پہنچا دیا مگر اہم وقت پر محمد حفیظ بھی آوٹ ہوگئے ، عماد وسیم بھی صرف 2 رنز بنا سکے تو پاکستانی ٹیم دباو کا شکار ہوگئی تاہم کپتان کی موجودگی سے کچھ سہارا نظر آرہا تھا لیکن سرفراز احمد جب 28 رنز بنا کر 104 کے مجموعے پر رن آوٹ ہوئے تو میچ ہاتھ سے نکلتا ہوا نظر آیا۔پاکستان کو آخری اوور میں جیت کے لئے 12 رنز درکار تھے لیکن پہلی ہی گیند پر فہیم اشرف سنجایا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے لیکن شاداب خان نے آخری اوور میں نہایت خوبصورت چھکا لگا کر پاکستان کو مسلسل دوسری فتح دلوادی۔اس شاندار چھکے کو کپتان سرفراز احمد نے ملین ڈالر کی شاٹ قرار دیا اسی بھرپور شاٹ کے باعث شاداب خان کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔پاکستان نے سیریز بھی اپنے نام کرلی۔شاداب خان 16 اور حسن علی 3 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔قبل ازیں سری لنکن بیٹنگ پراعتماد آغاز کے باوجود ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئی اور پاکستان کو جیت کے لئے 125 رنز کا آسان ہدف دے دیا۔سری لنکا کی جانب سے منوویرا اور گناتھیلاکا نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ابتدائی 6 اوورز میں پاکستانی بولرز کوئی وکٹ نہ لے سکے۔منوویرا آوٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو 19 رنز بنا کر عماد وسیم کی بہترین فیلڈنگ کے نتیجے میں رن آوٹ ہوئے ۔ سری لنکا کے 106 رنز پر تک 2کھلاڑی آوٹ تھے جس کے بعد سری لنکا کے بلے باز مسلسل آوٹ ہوتے رہے اور ایک بڑے اسکور کے لیے رکھی گئی بنیاد کو فائدہ مند نہ بنا سکے۔سری لنکا کے تیسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی گناتھیلاکا 51 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوتے ہی 109 رنز پر ہی پراسنا بھی آوٹ ہوگئے ۔کپتان تھیسارا پریرا 3 رنز بنا کر محمد حفیظ کا نشانہ بنے، اوڈانا 6، اوداواتے صفر، شناکا اور پتھیرانا ایک، ایک رن بنا کر واپس پویلین مڑگئے۔ نوجوان آل راونڈر فہیم اشرف نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کی جو پاکستان کی جانب سے بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کسی بھی بولر کی پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔سری لنکا نے مقررہ اوورز کے اختتام پر 9 وکٹیں کھو کر124 رنز بنا کر پاکستان کو آسان ہدف دے دیا۔پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی نے 2 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کاتیسرا اور آخری میچ 29اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔