Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہاتھوں کی حفاظت کو نظرانداز مت کریں

آپ کے خوبصورت ہاتھ آپ کی دلکشی اور جاذبیت میں چار چاند لگاتے ہیں لیکن ہاتھوں کو خوبصورت بنا نے کے لیے انکا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے۔اکثر خواتین چہرے کی تراش خراش پر تو توجہ دیتی ہیں لیکن ہاتھوں کو یکسر نظرانداز کر دیتی ہیں۔ ہاتھوں کی حفاظت بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنی چہرے کی۔ 
 
ہاتھوں کی حفاظت کے لیے گھریلوکام کاج یعنی سبزی کاٹنے،برتن اور کپڑے دھوتے وقت ربڑ کے باریک دستانے پہننے نہ بھولیں۔
جتنی بار اپنے ہاتھ دھوئیں ،اتنی ہی بار اپنے ہاتھوں پر کریم یا لوشن لگائیں۔
اپنے پاس نیل فائل ضرور رکھیں،ہر روز اپنے ناخن صاف کریں۔
ہر روز چند لمحوں کے لیے اپنے ہاتھ اوپر اٹھائیں اور انگلیوں کی نوک سے ہتھیلی کی طرف ہاتھوں پر مساج کریں۔
اگر کام کاج کی وجہ سے آپ کے ہاتھ سخت ہوگئے ہیں تو رات کو سونے سے پہلے اپنے ہاتھ صابن اور نیم گرم پانی سے دھوئیں۔ہاتھوں پر کولڈ کریم ملیں اور بعد میں سوتی دستانے پہن کر سو جائیں۔
اگر آپ کے ہاتھوں کی جلد سیاہ پڑگئی ہے تو رات کو سونے سے پہلے ہاتھوں پر لیموں ملیں۔ہاتھوں کو گورا کرنے کے لیے لیموں کا رس اکسیر ہے۔
ہاتھوں کی جلد کے بعد ناخنوں پر خاص توجہ دینی چاہیے،ناخنوں کا پرانا پالش اتار دیں اور ایمری بورڈ سے ناخن بنائیں،نیل فائل کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ فائل کو ناخن کی اطراف سے مرکز کی طرف حرکت دیں۔
اگر ہاتھ پھٹ جائیں تو ان پر لیموں کا رس اور گلیسرین لگا کر مساج کریں۔
ناخنوں پر سفید داغ عموماً صحت خراب ہونے کی علامت ہوتے ہیں۔ناخنوں کو زیادہ بڑھانا یا زیادہ کاٹ دینا ٹھیک نہیں۔زیادہ بڑھانے سے ان کے اندر میل بھر جاتی ہے،جو کھانے کی ہر چیزمیں مل کر اسے زہریلا اور جراثیم آلود بنا دیتی ہے۔عام طور پر خون کی خرابی سے ناخن اکھڑ نے لگتے ہیں یا پھٹ جاتے ہیں،ان کا علاج یہ ہے:
5 تولہ شیترج کا جوشاندہ تیار کریں۔اس میں 5 تولہ سرکہ اور دو تولہ شہد ملا کر پکائیں اور کسی بوتل میں محفوظ کر لیں۔اسے ناخنوں پر لگاتے رہنے سے بڑا فائدہ ہوتا ہیں۔
اگر ناخنوں کی رنگت خراب ہو یا ان پر بدنما دھبے ہوں تو ایک چمچہ لیموں کا عرق ایک پیالہ گرم پانی یا بھینس کے گرم دودھ میں ملا کر انھیں دھوئیں۔
 

شیئر: