Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے جنوبی علاقوں میں زلزلے کا ایک اور جھٹکا

عسیر.... نماص اور دیگر جنوبی علاقوں میں ہفتہ کو ریکٹر اسکیل پر3درجے کا ایک اور زلزلہ ہوا جس کے جھٹکے متعدد شہروں میں محسوس کئے گئے۔ سعودی جیولوجیکل سروے بورڈ نے تازہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ ہفتہ کو محسوس کئے جانے والے جھٹکوں کا مرکزنماص سے 13کلو میٹر دور اور 5.4کلو میٹر زیر زمین تھا۔ قبل ازیں جمعہ کو نماص کے شمالی علاقے میں 16کلو میٹر دور اور 9.1کلو میٹر زیر زمین زلزلہ آیا جو ریکٹر اسکیل پر 4درجے کا ریکارڈ کیا گیا تھا۔جیولوجیکل سروے بورڈ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر دونوں جھٹکے کمزور تھے جو ہم لوگوں کو اس لئے محسوس ہوئے کہ ان میں پہلے کا مرکز 9.1کلو میٹر زیر زمین تھا جبکہ دوسرا جو ہفتہ کو آیا وہ 5.4کلو میٹر زیر زمین تھا۔ دریں اثناءجیولوجیکل سروے بورڈ کے ترجمان طارق اباالخیل نے کہا ہے کہ نماص میں اب تک 7جھٹکے ریکارڈ کئے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر ان کی شدت 1.1سے 1.7تک رہی۔بورڈ کے ماہرین نے اب تک سب سے زیادہ شدت کا زلزلہ جو ریکارڈ کیا ہے وہ جمعہ کو آیا اور جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 4درجہ تھی۔ یہ زلزلہ رات 4بجکر6منٹ پر محسوس کیا گیا۔اس زلزلے کے بعد متعدد ہلکے پھلکے جھٹکے آتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے کے جھٹکے نماص کے علاوہ حلبائ، آل جمیل، الغرہ، المدانہ، حشرم، آل قحطان، فرعہ اور آل عمر کے رہائشیوں نے محسوس کئے۔انہوں نے کہا کہ زلزلوں کے جھٹکوں کی پیشگوئی نہیں کی جاسکتی۔ دوسری طرف عسیر ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد بن عبد العزیز اور نائب گورنر شہزادہ منصور بن مقرن بن عبد العزیز نے جیولوجیکل سروے بورڈ، محکمہ شہری دفاع اور نماص کمشنری کے حکام کے ساتھ ملاقات کرکے شہریوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے علاوہ کسی بھی ہنگامی حالت کے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اس دوران جیولوجیکل سروے بورڈ کے ماہرین زلزلے سے متاثر علاقوں کا مسلسل دورہ کرکے ممکنہ جھٹکوں کا ریکارڈ رکھ رہے ہیں۔ جیولوجیکل بورڈ نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو اطمینان دلایا ہے کہ جھٹکوں کے باعث خوف وہراس پھیلانے کی ضرورت نہیں۔ معاملات قابو میں ہیں۔ کسی بھی خطرناک صورت میں شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو آگاہ کردیا جائے گا۔

شیئر: