Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل اور سیمسنگ کے مابین اشتہاری جنگ چھڑ گئی

ایپل اور سیمسنگ اس وقت دنیا کے مشہور ترین اسمارٹ فون برانڈ ہیں اور دونوں ایک دوسرے کی ٹکر کے فون بنا کر بازی لے جانے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں۔ حال ہی میں ایپل کی جانب سے آئی فون ایکس (ٹین) اور سیمسنگ کی جانب سے گلیکسی نوٹ 8 لانچ کیا گیا تھا۔ دونوں اسمارٹ فونز اپنی اپنی کمپنی کے بہترین اور مہنگے ترین فون ہیں اور دونوں ہی صارفین میں بے حد مقبول بھی ہیں۔اسی مقابلے کے ماحول کو مزید گرمانے کے لئے سیمسنگ نے اپنے اسمارٹ فون گلیکسی نوٹ 8 کا نیا اشتہار پیش کیا ہے جس میں جابجا ایپل کے اسمارٹ فونز کا مذاق اڑا کر سیمسنگ کو زیادہ بہتر ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اشتہار میں ایک ایسے فرد کی کہانی دکھائی گئی ہے جو 2007 سے ایپل کے اسمارٹ فون استعمال کر رہا ہے تاہم اسکی دوست سیمسنگ کے اسمارٹ فونز استعمال کرتی ہے اور دونوں کے مابین مقابلہ جاری رہتا ہے لیکن ایپل میں ہر بار کوئی نہ کوئی خامی سامنے آ جاتے ہے اور ایپل صارف کو دوست کے سامنے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
 
اشتہار میں آئی فون 3 جی ایس کے کم اسٹوریج کا مذاق اڑایا گیا ہے جسکے باعث تصاویر لینا اور محفوظ کرنا مشکل ہے۔ آئی فون 7 پانی میں گر کر کام چھوڑ دیتا ہے جبکہ اس کے مقابل سیمسنگ فون پانی میں گرنے کے باوجود بھی کام کرتا ہے۔ اشتہار میں دکھایا گیا ہے کہ تیز برف باری میں سیمسنگ پین سے باآسانی ٹائپنگ ہوتی ہے اور آئی فون 5 ایس سے صارف ٹھٹھرتی انگلیوں سے بہ مشکل کی پیڈ پر ٹائپ کرتا ہے۔اسکے علاوہ  آئی فون کی بیٹری سیمسنگ کے مقابل جلدی ڈاؤن ہو جاتی ہے اور فون کوئیک چارج کے باوجود دیر سے چارج ہوتا ہے۔ اشتہار میں ایپل ڈونگل اور نئے آئی فون میں دے جانے والے نوچ کو بھی واضح دکھا کر اسکا مذاق اڑایا گیا ہے اور آخر میں پیغام دیا گیا ہے کہ ایپل سے نکل کر ایک قدم آگے بڑھو اور گلیکسی فون کو اپناؤ۔
 
ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ سیمسنگ نے اشتہار کے ذریعے ایپل فون کا مذاق اڑایا ہو بلکہ ایپل آئی فون 6 کی لانچنگ پر بھی سیمسنگ نے اشتہار کے ذریعے یہ بات باور کروائی تھی کی سیمسنگ لمبے عرصے سے اتنا بڑا ڈسپلے پیش کر رہا ہے جسے ایپل نے اب پیش کیا ہے۔ واضح رہے کہ سیمسنگ کمپنی نے ہی ایپل آئی فون ایکس کے لئے او ایل ای ڈی ڈسپلے فراہم کیا تھا اور ہر بکنے والے آئی فون سے کچھ رقم سیمسنگ کو بھی ڈسپلے کی مد میں ملے گی تاہم پھر بھی سیمسنگ ایپل کے ساتھ مقابلے کی فضا کو بڑھا رہا ہے۔ساؤتھ کورین کمپنی نے اپنے اشتہار کے ذریعے تو ایپل سے اعلانِ جنگ کر دیا ہے، اب دیکھتے ہیں کہ ایپل اس اشتہار کا جواب کیسے دیتا ہے۔   
 

شیئر: