لکھنؤ۔۔۔یوپی روڈ ویز کی بسوں اور وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دفتر کے باہر اب ریاست میں سڑکوں کے کنارے پر لگے نوٹس بورڈ کو بھی بھگوا رنگ میں رنگنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ محکمہ پی ڈبلیو ڈی نے اس کام کو انجام دینے کیلئے باقاعدہ تیاری کرلی ہے۔ محکمہ کے ماتحت آنے والے ریاستی ہائی ویز کو چھوڑ کر دیگر سڑکوں پر جونوٹس بورڈ لگیں گے انکا رنگ بھگوا ہوگا۔ ان بورڈز پر متعلقہ سڑک کی تفصیل درج ہوگی۔ اس سڑک پر کتنی لاگت آئی، کتنی لمبائی ہے اور کتنے عرصے میں اسے تیار کیا گیا ہے۔ یہ سب درج کیا جائیگا۔ ان بورڈز پر وزیراعلیٰ آدتیہ ناتھ یوگی اور نائب وزیراعلیٰ کیشوپرساد موریہ کی تصاویر بھی ہونگی۔ ان نوٹس بورڈ پر لکھا ہوگا ’’اترپردیش شاندار سڑکوں کا پردیش‘‘ ۔محکمہ نے یہ تجویز منظوری کیلئے وزیراعلیٰ کے دفتر بھیج دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سڑکوں کی تعمیر میں شفافیت لانے کیلئے نائب وزیراعلیٰـ کیشو پرساد موریہ نے تمام سڑکوں پر لگنے والے نوٹس بورڈ پر تفصیلات درج کرنے کی ہدایات پہلے ہی جاری کررکھی ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نوٹس بورڈ کو نیشنل روڈ کانگریس کے قواعد و ضوابط کے دائرے میں ہی لگایا جائیگا۔ یہ نوٹس بورڈ رنگ برنگے بھی ہونگے تاکہ لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرسکیں۔ نائب وزیراعلیٰ نے انہیں پرکشش بنانے کیلئے مختلف ڈیزائنوں پر غور وفکر بھی شروع کردیا ہے لیکن بورڈ کا بیک گرائونڈ پوری طرح بھگوا رنگ میں ہوگا جو ایک طرح سے بورڈ پر نمایاں بھی رہیگا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ رات میں روشنی پڑنے پر یہ بورڈ چمکتے نظرآئیں گے جس سے سڑک پر چلنے والی گاڑیو ںکو سڑک کے کناروں کا بھی آسانی سے احساس ہوگا اور حادثات میں کمی واقع ہوگی جبکہ موجودہ بورڈ نہیں بدلیں گے۔وہ اسی طرح رہیں گے لیکن معلومات فراہم کرنے والے بورڈ یقینا بھگوا رنگ کے ہونگے۔ واضح ہو کہ یوپی میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد وزیراعلیٰ کا دفتر اب بھگوا رنگ سے رنگ دیا گیا ہے۔ یہ بلڈنگ 1979ء میں تعمیر کی گئی تھی جس کا افتتاح 1982ء میں کیا گیاتھا۔ اس وقت سے عمارت کا رنگ سفید اور گہرا بھورا تھا لیکن اب پورا دفتر بھگوا رنگ کا کردیا گیا ہے۔