لندن ۔۔۔برطانوی وزیرِ اعظم تھریسامے نے کہا ہے کہ بریگزٹ مذاکرات کو اگلے مرحلے تک پہنچانے کیلئے برطانیہ اور یورپی اتحاد کسی معاہدے پر پہنچنے میں ناکام ہو گئے تاہم اختتام ہفتہ سے قبل اس سلسلے میں مذاکرات کا ایک اور دور ہوگا۔برطانوی وزیرِ اعظم نے کہا کہ مجھے پورا اعتماد ہے یہ مذاکرت مثبت معاہدے پر منتج ہوں گے۔برطانیہ اور یورپی اتحاد کے درمیان مذاکرات برطانیہ کی مخلوط حکومت کی کلیدی پارٹی (ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی) ڈی یو پی کے آئرلینڈ کے سرحدی معاملات پر رعایت دینے پر انکار کی وجہ سے ناکام ہوئے ہیںتاہم ڈاؤننگ اسٹریٹ کا کہنا ہے کہ یہ واحد وجہِ نزاع نہیں ۔ادھر آئرلینڈ کے وزیرِ اعظم لیوورادکر نے کہا کہ معاہدہ طے پا گیا تھا لیکن لگتا ہے کہ برطانیہ نے سرحد سے متعلقہ معاملات پر ڈی یو پی کے دباؤ کے بعد اپنا ذہن تبدیل کر لیا ہے۔