آپ خوشی کو ڈھونڈیں خوشی آپ کو ڈھونڈ لے گی
خوش رہنا سیکھیں . مایوسی ، اداسی ، افسوس اور شکایتوں کو اپنی زندگی سے نکال باہر کریں . جو آپ کے پاس ہے اس سے مطمئن رہیں اور اس کی قدر کریں . ہم میں سے اکثر لوگ ہمیشہ گلے شکوے کرتے نظر آتے ہیں . کبھی گھر اور گھر کے سامان سے غیر مطمئن تو کبھی لباس سے ، کبھی گھر والوں کے رویے سے تنگ تو کبھی بچوں کی شرارتوں سے . ہمیشہ لبوں پر شکایت، یہ کیوں ہوا ؟ وہ کیوں نہیں ملا ؟ کوئی کام مرضی کا نہ ہو تو افسوس اور ناامیدی .ہم ان شکایتوں میں زندگی کے حسین لمحات برباد کر دیتے ہیں یہ سوچے بغیر کہ یہ وقت پھر ہاتھ نہیں آئے گا .

ہم محض ایک چیز کی کمی پر دیگر دس نعمتوں کو اس طرح نظر انداز کر دیتے ہیں جیسے وہ بے حیثیت ہوں یہ بالکل ایسے ہی ہے جیسے ہم گلاب ہاتھ میں تھام کر اس کی خوبصورتی ، دلکشی اور مہک کو یکسر نظر انداز کر کے صرف ٹہنی سے جڑے کانٹوں پر توجہ دیں . یہ رویہ سراسر غلط ہے . اپنے اندر قدرت کی نعمتوں کو سراہنے اور انکی قدر کرنے کی عادت اور قابلیت پیدا کریں . چھوٹے چھوٹے مسائل پر سمجھوتہ کرنا سیکھیں . معمولی باتوں کو بنیاد بنا کر پریشان اور ناامید نہ ہوں . اپنے ارد گرد موجود اچھی چیزوں پر توجہ دیں . اپنے اطراف میں اطمینان اور خوشی تلاش کریں . آپ خوشی کو ڈھونڈیں خوشی آپ کو ڈھونڈ لے گی۔