اسلام آباد...وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے مقبوضہ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے پر ردعمل میں کہا ہے کہ امر یکہ کی اسلام دشمنی کا اس سے بڑا نمونہ آج سے پہلے نہیں دیکھا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ امر یکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی سے لہولہان امت مسلمہ کو مزید ایک زخم ملے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکی اقدام سے مسلم امہ کی دل آزاری ہوئی ہے ،واشنگٹن کا یہ عمل مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت تبدیل کردے گا۔2 ریاستوں کا حل دفن ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ امریکی اقدام سے فلسطینی اور مسلم دنیا مشتعل ہوگی۔ دریں اثناءترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکہ القدس کی قانونی و تاریخی حیثیت تبدیل کرنے سے اجتناب کرے ایسے امریکی اقدام سے نہ صرف علاقائی امن و سلامتی کی کوششیں متاثر ہوں گی بلکہ مشرق وسطٰی میں پائیدار امن کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچے گا۔