مقررین نے اوورسیز پاکستانیز ایڈوائزری کونسل کی رکنیت پر مبارکباد پیش کی اور خدمات پر خراج تحسین پیش کیا
* * * جی ایس ایوب ۔ خمیس مشیط* * *
ڈاکٹر محمد جمیل مغل کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ پاکستان ڈاکٹرز فورم عسیر کے چیئرمین بھی ہیں۔ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ڈاکٹر محمد جمیل مغل کو اوورسیز پاکستانیز کی ایڈوائزری کونسل کی رکنیت بھی دی گئی ہے۔ انکی سماجی خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے میں نے اس تقریب کا اہتمام کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف معالج اور سماجی شخصیت ڈاکٹر الطاف بشیر ویلمی نے ڈاکٹر جمیل مغل کے اعزاز میں اپنی جانب سے منعقدہ تقریب میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر جمیل نے کمیونٹی کی خدمت کیلئے پاکستان ڈاکٹرز فورم کی بنیاد رکھی جس سے ہم سب ایک جگہ اکٹھا ہوئے اور فورم کے قیام سے جہاں کمیونٹی کا فائدہ ہوا۔ میں انہیں اوورسیز پاکستانیز ایڈوائزری کونسل کی رکنیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ڈاکٹر شہاب احمد صدیقی نے کہا کہ میں ڈاکٹر الطاف بشیر ویلمی کے خیالات سے اتفاق کرتا ہوں ۔ فورم کے قیام سے پاکستانی کمیونٹی کو طبی سہولتوں سے فائدہ حاصل ہورہا ہے۔ ہم سب کے کمیونٹی سے رابطے ہیں اور ہم جہاں تک ممکن ہوسکتا ہے طبی سہولت اور معاونت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستانی کمیونٹی اور ڈاکٹرز کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں ڈاکٹرز فورم اہم کردارادا کررہا ہے۔
پاکستان ویلفیئر فورم عسیر کے صدر فاروق بٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں ڈاکٹر جمیل مغل کو مبارکباد دیتاہوں اور انکی اور انکے ممبران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میں اُن ڈاکٹر حضرات کے نام لینا ضروری سمجھتا ہوںجو خدمت خلق میں مصروف رہتے ہیں، جن میں ڈاکٹر شہاب احمد صدیقی، ڈاکٹر فیاض، ڈاکٹر اے ڈی میمن، ڈاکٹر فہیم اقبال، ڈاکٹر اسحاق شامل ہیں جو پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور خدمت کررہے ہیں۔ فورم کو ایسے محب وطن پاکستانیوں پر فخر ہے۔
ڈاکٹر محمد جمیل مغل نے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر الطاف بشیر ویلمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز فورم کا قیام ناگزیر تھا۔ کمیونٹی کو طبی مسائل کا سامنا تھا۔ عرب ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل کرنے میں دشواری ہوتی تھی، اب ان کی مشکلات میں کمی آئی ہے۔ میرے اور دیگرممبران کے ٹیلیفون نمبرز تقریباً تمام لوگوں کے پاس ہیں۔ وہ ہم سے رابطہ کرکے مشورے لیتے ہیں۔ فورم نے سفارتخانہ اور قونصلیٹ کے متعلقہ مسائل کے حل میں ہمیشہ تعاون کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔ او پی ایف کی نمائندگی پر انہوں نے کہا کہ میں او پی ایف کے بارے میں کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں ہر وقت تیار ہوں۔ آپ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائوں گا۔ آپ کی جانب سے ملنے والی تجاویز آگے تک پہنچاؤں گا۔ آپ سب نے جن نیک خواہشات کا اظہار کیا اس کے لئے سب کا شکر گزار ہوں۔