Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خانہ کعبہ کاداخلی غلاف 20 برس میں تبدیل ہوتا ہے

خانہ کعبہ کا خارجی سیاہ غلاف ہر سال اور داخلی سبز غلاف20برس سے زیادہ عرصے میں تبدیل کیا جاتا ہے۔غلاف کعبہ فیکٹری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد باجودہ نے مکہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیاہ غلاف اور سبز غلاف میں بڑا فرق ہے۔ سیاہ غلاف ہر سال تبدیل کیا جاتا ہے جبکہ داخلی سبز غلاف لگ بھگ 20برس تک تبدیل نہیں کیا جاتا کیونکہ اسکی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوتی۔ اسکی عمدگی، اسکی رنگت اور چمک دمک طویل عرصے تک قائم رہتی ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ خانہ کعبہ کا داخلی کسوة آخری بار اصلاح و مرمت کے بعد 1417ھ کے دوران شاہ فہد بن عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ کے دور میں چڑھایا گیا تھا۔ اب تک اسکی چمک اور عمدگی اسی طرح ہے۔ یہ اعلیٰ درجے کے ریشم سے تیار ہوتا ہے۔ یہ ریشم دنیا میں سب سے عمدہ مانا جاتا ہے۔ غسل کعبہ کا اہتمام سال میں دو مرتبہ ہوتا ہے۔ خانہ کعبہ کے خارجی اور داخلی غلاف میں 5فرق پائے جاتے ہیں۔ داخلی کسوة کا رنگ سبز اور خارجی کسوة کا رنگ سیاہ ہوتا ہے۔ دوسرا فرق یہ ہے کہ داخلی کسوة تبدیل کرنے کا کوئی وقت متعین نہیں جبکہ خارجی کسوة ہر سال تبدیل ہوتا ہے۔ تیسرا فرق یہ ہے کہ خارجی غلاف ہر 2ہفتے میں ٹھیک کیا جاتا ہے جبکہ داخلی کسوة کی مرمت سال میں صرف ایک بار ہوتی ہے۔ چوتھا فرق یہ ہے کہ داخلی کسوة پر کلمہ شہادت تحریر ہے جبکہ خارجی کسوة پر قرآن کریم کی آیات لکھی جاتی ہیں۔ پانچواں اور آخری فرق یہ ہے کہ داخلی کسوة باب التوبہ پر نہیں ڈالا جاتا بلکہ اسے صرف چمکانے کا اہتمام ہوتا ہے۔

شیئر: