یہ ہم میں سے ہر گھر کا مسئلہ ہے کہ بچوں کا اکثر وقت والدین سے زیادہ ٹی وی کے ساتھ گزرتا ہے ۔ اکثر مائیں کام کی مصروفیت کے باعث بچوں کو ٹی وی کے سامنے بٹھا دیتی ہیں . میڈیا کے اپنے مفادات ہوتے ہیں اور انہی کے تحت وہ بچوں کے تفریحی پروگرامات میں بھی رومانویت اور تشدد کا عنصر دکھاتے ہیں ۔ ایسے میں اگر آپ اپنے بچے کو صرف ٹی وی پر آنے والے پروگراموں کے حوالے کر دیں گے تو ان تمام چیزوں کے اثرات ان کے کچے ذہنوں پر مرتب ہوں ہیں ۔ اسی طرح مغربی تہذیب اور روایات کے بعض منفی اثرات آپ کے بچوں میں خاموشی سے منتقل ہوجاتے ہیں ۔ ا نکے اندر ضد ، غصہ اور پر تشدد خیالات جنم لیتے ہیں اور انکے اندر سے حیا کا تصور ختم ہوجاتا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ آپ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں ۔ اپنے روز مرہ کے کام آسانی سے نمٹانے اور سستی تفریح حاصل کرنے کی آپ کی بظاہر بے ضر ر خواہش، آپ کی اولاد کی دنیا اور آخرت دونو ں تاریک بنا سکتی ہے ۔ چنانچہ بہتر ہو گا کہ آپ خود کواور اپنی اولاد کو بھی میڈیا کے صرف انہی پہلوؤں تک محدود رکھیں جن کا تعلق علم اور اچھی تفریح سے ہواور بچوں کو اس حد سے آگے نہ جانے دیں ۔