قائد اعظم کے فرمودات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، غلام دستگیر
پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کویت کے زیر اہتمام ایک شام، قائداعظم کے نام،کمیونٹی کی بڑی تعداد کی شرکت
محمد عرفان شفیق۔ کویت
پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کویت کے زیر اہتمام یو م قائد کی مناسبت سے ” ایک شام قائداعظم محمد علی جناح کے نام“ کے عنوان کے تحت پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہو ا،جسکی سعادت قاری محمد علی نے حاصل کی جبکہ ہدیہ نعت طارق محمود، محبوب علی اور اعجاز احمد مغل نے پیش کیا۔ اسکے بعد پاکستان اور کویت کے قومی ترانے بجائے گئے۔
پروگرام کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان غلام دستگیر تھے جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں حافظ شبیر احمد، عارف بٹ، محمد جمیل، محمد یونس شاہد، خلیل احمد،فیاض وردگ، تنویر احمد و دیگر شامل تھے۔ پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض محترمہ صائمہ رانی اور لیاقت علی بٹ نے معاون پروگرام کے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔
کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی مزید خبریں پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں
ممبران پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کویت چوہدری الف دین اور نور مست آفریدی نے قائد کی زندگی کو مختصر وقت میں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستان انگلش اسکول جلیب الشیوخ کے طلبہ نے ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کئے جو کہ خصوصی طور پر آرٹ ٹیچر مس آصفہ افضل نے تیار کروائے تھے۔ طلبہ نے”تو حق کا پرستار ،قائدذی وقار، اے میرے وطن تیز قدم اور اس پرچم کے سائے تلے“ پیش کیے اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ طلبہ نے ٹیبلو کے ذریعے دو قومی نظریے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ معروف شاعر فیاض وردگ نے شاعری کے ذریعے قائد کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ اے این پی کویت کے صدر ڈاکٹرجہانزیب، ڈائریکٹر پاکستان بزنس سینٹر کویت حافظ شبیر احمد، صدر پاکستان بزنس کونسل عارف بٹ نے قائد کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اپنے اظہار خیال میں انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ آزادی کے70 سال گزر جانے کے باوجود ہم لوگ قائد کے اتحاد، تنظیم والے فرمان پر مکمل طور پر عمل پیرا نہیں جو کہ موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
صدر پاکستان ویلفیئر سوسائٹی چوہدری فیاض نے تنظیم کا مختصر تعارف پیش کیا۔ انہوں نے تنظیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور تمام حاضرین اور پاکستان انگلش اسکول جلیب الشیوخ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
سفیر پاکستان غلام دستگیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے فرمودات ہمار ے لیے مشعل راہ ہیں۔ہمیں چاہیے کہ ان پر صدق دل سے عمل پیرا ہوں اور دوسرے لوگوں کے لیے ایک عملی نمونہ بن سکیں۔ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کویت کی جانب سے پاکستان انگلش اسکول کویت کو پروگرام میں حصہ لینے پر اسکول پرنسپل مسز فرخ صنوبر کو شیلڈ دی گئی جو کہ آرٹ ٹیچر مس آصفہ نے وصول کی۔ اس موقع پر سفیر پاکستان کو پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کویت کی جانب سے یادگار ی شیلڈ دی گئی۔
کویت کی تازہ ترین خبریں، کلک کریں
آخرمیں یوم قائد کی مناسبت سے مختلف تنظیموں کے صدور کے ساتھ ملکر کیک کاٹا گیا اور معروف نقیب حکیم طارق محمود نے پاکستان و کویت کی سلامتی اور مرحوم ملک نور محمد اور ماجد علی چوہدری کے مرحوم والد گرامی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ اسطرح ملی جذبے سے سرشار تقریب کا اختتام عشائیہ پر ہوا۔