اوٹاوا۔۔۔کینیڈا کے وزی اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ با حجاب خواتین پر حملے برداشت نہیں کئے جائینگے۔اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے یہ بات کہی۔پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹورنٹو میں ایک
11 سالہ لڑکی کو حجاب پہننے پر ایک شخص نے 2مرتبہ ان کے حجاب کو قینچی سے کاٹنے کی کوشش کی اور بآسانی فرار ہوگیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طالبہ خاؤلہ نعمان کا کہنا تھا کہ جب وہ اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ اسکول جارہی تھیں کہ قینچی لیے ایک شخص اس کی طرف بڑھا۔مذکورہ شخص کے حوالے سے طالبہ کا کہنا تھا کہ اُس نے 2مرتبہ میرے حجاب کو کاٹنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں بہت خوف زدہ ہوئی تھی، مجھے اس کی توقع نہیں تھی کہ لوگ اس طرح کی حرکت کریں گے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور ایشیائی تھا جس کی عمر 20 کے قریب تھی اور وہ کالے رنگ کی ہوڈی اور چشمہ پہنا ہوا تھا۔پولیس کی ترجمان کرتینا آروگینٹے کا کہنا تھا کہ حکام کی جانب سے ٹورنٹو کے مشرقی علاقے میں واقع پاؤلین جانسن اسکول کے قریب پیش آنے والے واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے۔پولیس اہلکار جنیفر سیدھو کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ خاؤلہ نعمان نے حملہ آور کو پلٹ کر جواب دیا اور انھیں خوفزدہ کرنے پر انھوں نے شور شرابہ کیا جس کے بعد وہ اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ وہاں سے بھاگ گئیں۔