چہرہ صحت کا عکاس ہوتا ہے بالکل ایسے ہی جیسی آنکھیں روح کا دروازہ ہوتی ہیں . چہرے کے مختلف حصے جسمانی صحت کے بارے میں پتہ دیتے ہیں . یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر آپکی آنکھیں ، زبان یا جلد کے معائنے کے ذریعے مرض کی تشخیص کرلیتے ہیں .
جلد کا پیلا پن ، خاص طور پر آنکھوں کے سفید حصے میں پیلاہٹ اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ آپ یرقان کا شکار ہیں . یرقان کی وجہ خون میں بیلیروبن کا شامل ہو جانا ہے . یہ پیلے رنگ کے پگمنٹ ہوتے ہیں جو خون کے سرخ خلیات کے ٹوٹنے کے نتیجے میں بنتے ہیں . جلد کا پیلا پن جگر کے مسائل جیسا کہ ہیپاٹائیٹس کا پتہ دیتا ہے یہ پتے اور پنکریاز کے مسائل کی بھی نشاندہی کرتا ہے .
چہرے پر کسی بھی قسم کی ریشز بھی صحت کے مسائل کو ظاہر کرتے ہیں . اگرریشز دونوں گالوں کے اطراف میں پھیل جائیں جیسے سورج کی تپش سے جلنے کا نشان ہو تو یہ لوپس کو ظاہر کرتا ہے . لوپس مدافعاتی نظام کی کمزوری اور بیماری کو ظاہر کرتا ہے یہ بیماری جلد ، جوڑو ں ، خون ، پھیپڑوں ، دل اور گردوں کو متاثر کرتی ہے . لوپس کے اثرات جوڑوں میں درد ، ورم ، پٹھوں میں درد ، ہلکا بخار ، سینے میں درد ، سانس کی تکلیف اور مستقل سر درد کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں.
اسی طرح چہرے پر اضافی بالوں کا نکلنا خواتین میں پولی سسٹک اووری سنڈروم کا پتہ دیتا ہے . اس کی بنیادی وجہ جسم میں ہارمون کا تناسب بگڑ جانا ہے . چہرےپر اضافی بالوں کی دیگر وجوہات ٹیومر ، اور ایڈرینل گلینڈ یا اووری کاکینسر بھی ہوسکتے ہیں .
چہرے کی متاثرہ رنگت خون میں آئرن کی کمی یعنی اینیمیا کو ظاہر کرتی ہے . آئرن کی کمی کے باعث خون میں ہیموگلوبن مناسب مقدار میں پیدا نہیں ہوتا جس کی وجہ سے خون میں سرخ خلیات کی کمی ہوجاتی ہے اور جلدکی رنگت زرد پڑ جاتی ہے . اس کے اثرات تھکن ، سردرد اور ٹھنڈے ہاتھ پیر کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں .
اسی طرح خشک جلد اور پھٹے ہوئے ہونٹ جسم میں پانی کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں . پانی کی کمی کے نتیجے میں پسینہ خارج نہیں ہوتا جس کے باعث غیرضروری مادے اور تیل جلد کے اندر ہی جمع ہونا شروع ہوجاتے ہیں جو ایکنی ، ایکزیما ور چنبل جیسے مسائل کی وجہ بنتے ہیں .
یہ بھی پڑھیں:سرخ ملبوسات کی بہار