بال جاذب نظر شخصیت کے ضامن ہوتے ہیں لیکن بیماری ، صدمہ ، پریشانی ، خشکی و سکری اور متوازن غذا کی کمی بالوں کے گرنے اور خراب ہونے کا سبب بنتے ہیں . وٹامنز اور پروٹین کی کمی بھی بالوں کے لئے سخت نقصان دہ ثابت ہوتی ہے . بالوں کی حفاظت کے لیے متوازن غذا کا استعمال بے حد ضروری ہے . خوراک میں گوشت ، انڈے ، پنیر ، سبزیاں اور کلیجی کا شامل ہونا بالوں کی صحت کے لیے نہایت اہم ہے . کیونکہ ان کے بغیر تنومند بالوں کا وجود ناممکن ہے .
بالوں میں روزانہ برش کرنا اور انہیں سلجھانا بھی بے حد ضروری ہے . بالوں کے لئے ہمیشہ تھوڑے سخت دانتوں والا برش استعمال کریں جو دوران خون کو تیز کر سکے اور بالوں میں جمی گرد اور خشکی کو نکال باہر کرے . اپنے کنگھے کو ہمیشہ صاف رکھیں . اگر کنگھا پانی سے صاف نہ ہو تو پانی میں تھوڑا سا امونیا ملا کر اس سے کنگھا دھوئیں . اس سے کنگھے میں موجود تمام میل نکل جائے گا .
صحت مند بالوں کے لئے مختلف معدنیات مثلا آیوڈین ، کلورین ، فاسفورس اور زنک بہت اہم ہیں ۔ یہ معدنیات بالوں کو خون کے ذریعے حاصل ہوتی ہیں لہذا سر میں دوران خون کا بہتر ہونا بے حد ضروری ہے ۔ بالوں کو شیمپو کرنے سے پہلے اچھی طرح برش کریں تاکہ سر کی جلد میں جمے ہوئے مردہ سیلز اور خشکی اکھڑ جائیں ۔ اس کے بعد بالوں کو شیمپو کر لیں ۔ بال دومونہے ہونے کی صورت میں ہر ماہ آدھا انچ ترشواتی رہیں ۔ اس سے بال نرم ہو جائیں گے اور کھردرے نہیں لگیں گے ۔