پاکستان اور پاکستانیوں کے دل ان بہادر کشمیریوں کیلئے دھڑکتے ہیں جو روز قربانیوں کی نئی داستان رقم کرتے ہیں، سفیر پاکستان کا پیغام
ریاض (جاوید اقبال ) سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب ہمارے کشمیری بھائی آزادی کی نعمت سے مالا مال ہونگے۔ انہوں نے یہ بات یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغا م میں کہی۔ سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے مندرجہ ذیل پیغام دیا ہے: یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے میں اپنے پاکستانی اور کشمیر بھائیوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہم آزادی کشمیر کی مکمل طور پر حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان اور پاکستانیوں کا دل ان بہادر کشمیری بھائیوں ، بہنوں ، ماﺅں اور بچوں کے لیے دھڑکتا ہے جو ہر روز قربانی کی نئی داستانیں رقم کررہے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھائی آزادی کی نعمت سے مالا مال ہوں گے۔ ان کا دیرینہ خواب پورا ہوگا اور 70 برس سے سرد خانے میں پڑی اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق انشا اللہ مسئلہ کشمیر حل ہوگا۔اس سے نہ صرف پاکستان اور خطے میں امن قائم ہوگا۔ بین الاقوامی طور پر امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوںکو بھی بھرپور مدد ملے گی۔ اس موقع پر میں اسلامی تعاون تنظیم اور اپنے سعودی بھائیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ہر لمحے کشمیریوں کی جدوجہد کی نہ صرف حمایت کی بلکہ پاکستان کی کوششو ں کی پذیرائی کرتے ہوئے اس کی مدد بھی کی“۔