Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان نے 32ویں قومی میلے "جنادریہ" کا افتتاح کردیا

 ریاض .... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے 32 ویں قومی ثقافتی میلے " جنادریہ " کا افتتاح کیا۔ سالانہ قومی میلہ 3ہفتے جاری رہے گا ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قومی ثقافتی میلہ نیشنل گارڈ کے زیر انتظام منعقد کیا گیا ہے ۔افتتاحی تقریب کے موقع پر نیشنل گارڈ کے وزیر اورثقافتی میلے کے نگران اعلی شہزادہ خالد بن عبدالعزیز بن عیاف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعوداور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر نیشنل گارڈ کے ڈپٹی منسٹر او ر جنادریہ میلے کے انتظامی کمیٹی کے نائب نگران عبدالمحسن بن عبدالعزیز التویجری کے علاوہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں ۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کویت کے ولی عہد شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح ، سلطنت عمان کے نائب وزیر اعظم برائے بین الاقوامی تعلقات سید اسعد بن طارق آل سعید ، بحرین نیشنل گارڈ کے سربراہ جنرل محمد بن عیسی آل خلیفہ کے علاوہ دیگر مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں سعودی عرب کے 32 ویں سالانہ میلے میں خوش آمدید کہا ۔ دریں اثناءعکاظ اخبار کے مطابق سعودی عرب کا قومی ترانہ بجایا گیا جس کے بعد تلاوت آیات ربانی سے سے میلے کی افتتاحی تقریب کا آغاز ہو ا۔ روایتی وثقافتی میلے کی تقریب اونٹوں کی دوڑ سے شروع ہوئی جس کے بعد مختلف روایتی پروگرام پیش کئے گئے ۔ اونٹوں کی روایتی دوڑ میں پہلی 5 پوزیشن حاصل کرنے والوں کو خادم حرمین شریفین نے انعامات سے نوازا۔ واضح رہے روایتی ثقافتی میلہ 2 ہفتے جاری رہنا تھا جسے شاہی فرمان کے مطابق ایک ہفتے مزید بڑھا کر 3 ہفتے تک کر دیا گیا ۔ سبق نیوز کے مطابق نیشنل گارڈ کے وزیر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ میلے میں شرکت کو آسان بنانے کےلئے اوقات کار صبح 11 سے رات 11تک رکھے گئے ہیں جبکہ گزشتہ برس صبح سے دوپہر اور شام سے رات 11 بجے تک ہوا کرتا تھا ۔ میلے میں آنے والوں کے لئے ٹریفک روانی کا خصوصی بندوبست کیا گیا ہے تاکہ ٹریفک ازدحام نہ ہو اور لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ قانون نافد کرنے والے متعدد اداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جبکہ لوگوں کی رہنمائی کےلئے رضا کار بھی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں ۔ محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے 3ہفتے جاری رہنے والے میلے کےلئے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے ۔ 

شیئر: