نئی دہلی - - - - -وزیر اعظم نریندر مودی اردن، فلسطین اور متحدہ عرب امارات اور عمان کے دورہ پر روانہ ہوگئے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ مودی اردن کے دارالحکومت عمان ہوتے ہوئے فلسطین پہنچیں گے۔وزیر اعظم مودی متحدہ عرب امارات کے ساتھ 12معاہدوں پر دستخط بھی کریں گے۔ وہ دورہ فلسطین کے دوران صدر فلسطین محمود عباس کے ساتھ خطے میں سیاسی عمل میں ہونے والے تغیرات پر بات کریں گے۔مودی کا یہ دورہ 12فروری تک رہے گا ۔وزیر اعظم نے فلسطین کے دور ہ کیلئے عمان کے ہوائی اڈے کو استعمال کرنے کی سہولت دینے پر شکریہ ادا کیا اور عمان میں قیام کے دوران ملک کی قیادت سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔ہندوستانی وزارت خارجہ کے افسران نے تبایا کہ مودی اردن ، فلسطین کے دورے پر پہلی مرتبہ جارہے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کا یہ ان کا دوسرا دورہ ہوگا۔ وزیر اعظم دبئی میں چھٹے عالمی حکومتی اجلاس کو خطاب کریں گے جس میں ہندوستان کو مہمان خصوصی کا درجہ دیا گیا ہے۔ وہ امارات اور اردن میں ہندوستانی نژاد باشندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ مودی کی ان 3 ملکوں کے دورہ کے دوران سرکاری میٹنگوں میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون کا معاملہ بھی خاص طور پر اٹھایا جائے گا۔