فلوریڈا وقعہ، بروقت اقدام اٹھانے میں ناکام رہے ،ایف بی آ ئی
واشنگٹن۔۔۔امریکی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) نے اعتراف کیا ہے کہ اسے فلوریڈا فائرنگ میں ملوث ملزم کے بارے میں ایک ماہ قبل معلومات ملی تھیں مگر وہ بروقت اقدام اٹھانے میں ناکام رہے۔گورنر فلوریڈانے ایف بی آئی ڈائریکٹرکے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔ گورنر نے کہا کہ جب ملزم کے ارادوں کاپتا تھا تو پکڑا کیوں نہیں گیا؟ایف بی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فلوریڈا اسکول فائرنگ سے ایک ماہ قبل ادارے کو کسی نے اطلاع دی تھی کہ ملزم نکولس کروز شاید اس طرح کی کوئی منصوبہ بندی کررہا ہے اور اس حوالے سے تشویش کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔ایف بی آئی کے مطابق اطلاع دینے والے شخص نے نکولس کے پاس موجود اسلحے کی تفصیلات ، لوگوں کو مارنے کی اس کی خواہش ، اسکے مشکوک روئیے اور سوشل میڈیا پر اس کی پریشان کن پوسٹوں کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔اسکے علاوہ اسکول میں فائرنگ کیے جانے کے امکان کے بارے میں بھی ایک ماہ قبل ایف بی آئی کو آگاہ کردیا گیا تھا۔واضح رہے کہ فلوریڈا کے شہر پارک لینڈ میں بدھ کے روز نکولس کروز نے ہائی اسکول میں داخل ہو کر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے ۔