اقوام متحدہ خطے میں مستقل قیام امن اور اہل کشمیر پرہندوستانی مظالم کو بند کروانے کےلئے اپنا کردار ادا کرے ، یو این کی منظور شدہ قرار داد پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ، طلباءکا خطاب
ریاض(جاوید اقبال )پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ میں یوم یکجہتی کشمیر انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ سینیئر گرلز ونگ میں طالبات نے کشمیری نغموں اور پرجوش تقاریر کے ذریعے کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے ان کی جدوجہد آزادی میں یکجہتی کا اظہار کیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ طا لبات نے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اپنی قراردادوںکے مطابق اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرائے ۔ انہو ںنے کشمیری مسلمانوں پر ہندوستانی فوج کے مظالم اور دہشت گردی کی بھرپور مذمت کی ۔ دواز دہم ڈی کی طالبہ ماہین علی نے انتہائی دلکش ترنم سے ایک کشمیری نغمہ پیش کیا اور سماں باندھ دیا۔سینیئر بوائز ونگ کی تقریب میں دہم اے کے طالب علم بلال عابد نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو موضوع تقریر بنایاپروفیسر انورالحق نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو دنیا پر اجاگر کرنے میںپاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے اور پاکستانی دریاﺅں میں بہنے والا پانی وادی کشمیرسے ہی آتا ہے۔ برہان وانی جیسے فرزندان وطن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ سینیئر بوائز ونگ ٹو کی تقریب میں ہفتم ای کے طالب علم محمد بن جاوید نے کشمیر میں مسلمان آبادی پر ہند کے مظالم کا تفصیلی نقشہ کھینچا اور کہا کہ پاکستان اپنے مظلوم بھائیوں کی سیاسی اور اخلاقی مدد کرتا رہے گا۔ ہفتم سی کے طالب علم محمد عظیم سلطان نے کہا کہ عالمی برادری کی مسئلہ کشمیر پر خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔ گزشتہ 70 برسوں سے کشمیر کے مسلمان تشدد اور بربریت کا شکار بنائے جارہے ہیں اور سلامتی کونسل اس قضیے کے حل میں مسلسل ناکام ہورہی ہے۔ پنجم بی کے محمد عدنان علی نے کشمیر سے اپنی محبت کا اظہار کشمیری نغمہ گا کر کیا اور داد حاصل کی۔ ونگ انچارج تنویر احمد نے مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ اس کے حل میں اقوام متحدہ کا کردار ہی بنیادی ہے۔ہند خود اس قضیے کو سلامتی کونسل میں لے گیا تھا اور اس نے استصواب رائے کرانے کا وعدہ کیا تھا۔لہذا اب کشمیر میں استصواب رائے کرانے میں اس عالمی ادارے کو اپنا فرض نبھانا چاہیئے۔ تقریب کی نظامت اسٹاف سیکریٹری اکمل الیاس نے کی، ان کی معاونت سینیئر استاد منظور الامین نے کی جو ہمیشہ مختلف تقریبات میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔جونیئر بوائز ونگ اور سینیئر گرلز ونگ ٹو میں ہونے والی تقریبات میں بھی طلباءو طالبا ت اور اساتذہ نے مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی اور ملی نغمے پڑھے۔ تمام تقریبات کا اختتام قومی ترانے پر ہوا۔