ریلوے میں ملازمت کیلئے عمرکی حد میں 2سال اضافہ
نئی دہلی۔۔۔۔۔محکمہ ریلوے نے گروپ سی کے پہلے اور دوسرے زمرے کی تقریبا 90ہزار اسامیوں کو پُر کرنے کی مہم شروع کررکھی ہے۔ ملازمت کے خواہشمند امیدواروں کی عمر کی حد 2سال بڑھا دی گئی ۔ وزارت ریلوے نے بتایا کہ امیدوار کو ہندی اور انگریزی کے علاوہ ،ملیالم، کنڑ، تلگو، تمل، اوڈیا اور دیگر علاقائی زبانوں میں بھی امتحان دینے کی اجازت دی جائیگی۔ وزارت ریلوے نے پہلے گروپ سی کے فرسٹ اور سیکنڈ درجے کے 89ہزار 409عہدوں پر تعیناتی کا اشتہار جاری کیا تھا۔اسسٹنٹ لوکو پائلٹ، ٹیکنیشین(فٹر، کرین آپریٹر، ڈرائیور، لوہار اور بڑھئی) وغیرہ کی بھرتی کی جائیگی۔فرسٹ لیول کیلئے دسویں کلاس ، آئی ٹی آئی اور سیکنڈ درجے کیلئے دسویں کلاس ، آئی ٹی آئی یا انجینیئرنگ میں ڈپلومہ یا ڈگری یافتہ افراد درخواست دے سکتے ہیں۔فرسٹ لیول کی بھرتیوں میں عمر کی حد عام زمرے کیلئے 28سے بڑھا کر 30برس ۔ پسماندہ طبقے کیلئے 31سے بڑھا کر 33برس ، درج فہرست ذات و قبائل کیلئے 33سے بڑھا کر 35برس کردی گئی ہے ۔ دیگر لیول کے عہدوں میں عام طبقے کیلئے 31سے بڑھا کر 33، پسماندہ طبقے کیلئے 34سے بڑھا کر 36،درج فہرست ذات و قبائل کیلئے 36سے بڑھا کر 38سال کردی گئی ہے۔ ملازمت کیلئے تمام کارروائی آن لائن ہوگی۔